کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے دھان کی خریداری اور کھاد کی تقسیم کاری میں بدعنوانی پر اترپردیش حکومت کو نشانہ بنایا ہے، پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر اس حوالے سے ایک میڈیا رپورٹ بھی شیئر کی۔
انہوں نے لکھا کہ 'دھان کی خریداری میں بدانتظامی کی وجہ سے لکھیم پور کے ایک کسان کو منڈی میں پڑے دھان میں آگ لگانی پڑی۔ کھادوں کی تقسیم میں بدانتظامی کی وجہ سے للت پور کا ایک کسان قطار میں کھڑا کھڑا مرگیا۔ اتر پردیش کی بی جے پی حکومت کسانوں کو ہراساں کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت دھان کے کسانوں کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے: پرینکا گاندھی
میڈیا رپورٹس کے مطابق کھاد لینے کے لیے لائن میں کھڑا ایک شخص جمعہ کو للت پور ضلع میں فوت ہوگیا۔ یہ شخص ڈی اے پی کھاد لینے کے لیے دو دن سے لائن میں کھڑا رہا، پھر بھی اسے کھاد نہ مل سکی اور اسے جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔