مالیگاؤں: ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں کے مسکن خالد انصاری کے فارم ہاؤس دریگاؤں میں راشٹریہ مسلم مورچہ کی جانب سے پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ جہاں بامسیف و بھارت مکتی مورچہ کے صدر وامن مشرام نے ای وی ایم گھوٹالہ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وامن مشرام نے کہا کہ ملک بھر میں ووٹنگ مشین بدعنوانی کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے چھ سو سے زائد اضلاع میں ملک گیر یاترا کا انعقاد کیا گیا ہے، جو کشمیر سے کنیاکماری تک گاڑیوں کے ذریعے چلائی جائے گی۔ انہوں نے دعوٰی کیا کہ آر ایس ایس اپنا ہیڈکوارٹر ناگپور سے ایودھیا منتقل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو مظلوم بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی حکومت کی ہراساں کا شکار ہوگئے ہیں، اس لئے انہوں نے ہم سے الگ راستہ اختیار کرلیا کیونکہ بی جے پی حکومت ڈر اور خوف کی سیاست کررہی ہے۔ مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی کو اشارہ دینے کے لیے مولانا کلیم صدیقی جیسے قریبی ساتھیوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں قید کردیا گیا ہے، جس کے بعد مولانا سجاد نعمانی نے میرے خلاف بیان دیا۔
مزید پڑھیں:۔ مالیگاؤں کے شاہین باغ میں وامن مشرام کا خواتین سے خطاب
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سارے شہروں کے نام تبدیل کرکے حکومت لوگوں کو خوش کرنا چاہتی ہے۔ شہروں کے نام تبدیل ہونے سے کتنے نوجوان کو روزگار ملا؟ کیا مہنگائی میں کوئی کمی واقع ہوئی؟ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے جن لوگوں کو فائدہ ہوتا وہیں لوگ بی جے پی کو چندہ دیتے ہیں۔ مولانا ارشد مدنی کے بیان پر انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار آر ایس ایس جواب دیتی ہے ایک بار مولانا دیتے ہیں۔ ہم ان معاملات میں مداخلت کرنا نہیں چاہتے ہم تو مظلوم کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔