بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو 3 مارچ کو بھوپال میں شروع ہونے والی 7ویں بین الاقوامی دھرم-دھم کانفرنس کا افتتاح کریں گی۔ کانفرنس میں 16 ممالک کے نمائندے اور 6 ممالک کے ثقافتی وزراء شرکت کریں گے۔ چوہان صدر جمہوریہ مرمو کے بھوپال کے آئندہ دورہ کی جاری تیاریوں کا جائزہ لے رہے تھے۔ گورنمنٹ ایئرپورٹ پر ہونے والی میٹنگ میں وزیراعلی کے پرنسپل سکریٹری منیش رستوگی، پرنسپل سکریٹری کلچر سکھویر سنگھ، پرنسپل سکریٹری درج فہرست ذات، قبائل کی بہبود پلوی جین گوول، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سدھیر سکسینہ، پرنسپل سکریٹری تعلقات عامہ راگھویندر سنگھ اور سانچی بودھ یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر نیرجا موجود تھیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اتیتھی دیوو بھوا کی روایت کے مطابق کانفرنس کا انعقاد پورے وقار اورمحبت کے ساتھ ہونا چاہیے۔ بین الاقوامی سطح کی کانفرنس کے انتظامات ایسے ہونے چاہئیں کہ مدھیہ پردیش کی ثقافتی ورثے کی مؤثر عکاسی ہو۔ مختلف ممالک کے مندوبین مدھیہ پردیش کی خوشگوار یادوں کے ساتھ اپنے اپنے ملکوں کو لوٹیں اور عالمی سطح پر مدھیہ پردیش کی مثبت شبیہہ بنے۔ اس تقریب کے لیے پرواسی بھارتیہ سمیلن کی طرح ہی تیاریاں کی جانی چاہئیں۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 7ویں بین الاقوامی دھرم-دھم کانفرنس 3 سے 5 مارچ 2023 تک یہاں کشابھاو ٹھاکرے آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔ صدر محترمہ مرمو کی باوقار موجودگی میں 3 مارچ کو دوپہر 12.15 بجے شروع ہونے والے افتتاحی اجلاس میں گورنر منگو بھائی پٹیل اور وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان شرکت کریں گے۔ افتتاحی اجلاس میں شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے سوامی شری گووند دیو گری جی مہاراج کا بھی خطاب ہوگا۔ مہمانوں کے ذریعہ ’دی پنورما آف انڈین فلاسفرس اینڈتھنکرس‘ کتاب کا اجراء کیا جائے گا۔
پہلے دن کے دوسرے سیشن میں انڈیا فاؤنڈیشن کی گورننگ کونسل کے ممبر رام مادھوکی صدارت میں وزارتی اجلاس میں بھوٹان، سری لنکا، نیپال اور انڈونیشیا کے وزرائے ثقافت اپنے خیالات پیش کریں گے۔ کانفرنس میں ملک کی مختلف ریاستوں، یونیورسٹیوں کے ساتھ ساتھ امریکہ، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، اسپین، ویت نام، ماریشس، روس، بھوٹان، سری لنکا، انڈونیشیا، نیپال، منگولیا، فرانس وغیرہ کے اسکالرز اور محققین شرکت کریں گے۔
یواین آئی