پورا ملک آج 'بھارت رتن' ڈاکتر بھیم راؤ امبیڈکر کا یوم پیدائش کو منا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیراعظم نریندر مودی اور کانگریس کے سینیئر رہنما راہل گاندھی نے بابا صاحب امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا اور معاشرے کے پسماندہ طبقے کے تئیں ان کی جدوجہد کو سلام کیا۔
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بھارتی آئین کے معمار بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو یوم پیدائش کے موقع پر انہیں خراج پیش کرتا ہوں۔ بہتر معاشرے کی تشکیل کے لیے ڈاکٹر امبیڈکر نے زندگی بھر جدوجہد کی۔ آج ہم ان کی زندگی اور افکار سے تعلیم حاصل کرکے ان کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کا عہد کریں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا کہ 'بھارت رتن' ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ معاشرے کے پسماندہ طبقات کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے ان کے ذریعہ کی گئی جدوجہد ہر نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔
وہیں کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے بھی بابا صاحب امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے لکھا کہ بابا صاحب نے سخت سوالات پوچھے، جس کی وجہ سے ہندوستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکا۔
واضح رہے کہ بھیم راؤ امبیڈکر 14 اپریل 1891 کو مدھیہ پردیش کے مہو میں پیدا ہوئے تھے۔ بھیم راؤ امبیڈکر کو ہندوستانی آئین کا معمار کہا جاتا ہے۔ آزادی کے بعد وہ ملک کے پہلے وزیر قانون بھی رہے۔