امیش پال کے اغوا کے 17 سال پرانے معاملے میں پریاگ راج کی ایم پی ایم ایل اے عدالت نے بڑا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے سابق رکن پارلیمان عتیق احمد سمیت تین ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی۔ عتیق کے علاوہ عدالت نے اس اغوا کیس میں حنیف اور دنیش پاسی کو بھی قصوروار پایا ہے۔ عدالت نے تینوں پر ایک ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ جبکہ عتیق کے بھائی اشرف سمیت 7 کو بری کر دیا گیا۔
امیش پال 2005 کے راجوپال قتل کیس کا اہم گواہ تھا۔ عدالت کے اس فیصلے کو بہت اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ امیش کو 24 فروری 2023 کو پریاگ راج میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس کیس میں بھی عتیق، اس کے بھائی اشرف، بیٹے اسد سمیت 9 افراد ملزم ہیں۔ اس سے قبل پیر کو عتیق احمد کو گجرات کی سابرمتی جیل سے پریاگ راج لایا گیا تھا۔ ان کے بھائی اشرف کو بریلی سے پریاگ راج لایا گیا۔ اس کے علاوہ ایک اور ملزم فرحان کو بھی یہاں لایا گیا۔
ذرائع سے موصول اطلاعات کے مطابق امیش پال قتل کیس میں گزشتہ روز دائر کی گئی درخواست کی سماعت کچھ قانونی پیچیدگیوں کے باعث عدالت میں نہیں ہو سکی تھی، اب اسی درخواست پر عتیق احمد کو پولیس کی تحویل میں لینے کی تیاریاں کی جا سکتی ہیں۔ لیکن پولیس کے پاس اب تک کوئی وارنٹ نہ آنے کی وجہ سے معاملہ معلق دکھائی دے رہا ہے۔
مزید پڑھیں:Umesh Pal murder عتیق احمد کے بھائی کی مدد کرنے کے الزام میں جیل گارڈ سمیت دو افراد گرفتار