وزیراعظم نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون میں صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کی Modi Meet President Ram Nath Kovind اور ان سے کل پنجاب میں ان کے قافلے میں سکیورٹی کی خلاف ورزی اور کوتاہی سے متعلق جانکاری دی۔
اس معاملے میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے وزیراعظم کی سکیورٹی میں اس طرح کی سنگین غلطی پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے پنجاب کے دورے کے دوران سکیورٹی میں لاپرواہی کے حوالے سے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے انہیں پنجاب میں ہونے والے واقعے کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کیں جس پر صدر جمہوریہ نے تشویش کا اظہار کیا۔
اس ملاقات کی معلومات صدر جمہوریہ کے ٹویٹر ہینڈل سے دی گئی۔
ٹویٹ کے مطابق پی ایم مودی صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کرنے پہنچے۔ وزیراعظم نے انہیں پنجاب میں ہونے والے سکیورٹی واقعے کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کیں۔
واضھ رہے کہ بدھ 5 جنوری کو وزیراعظم مودی کو پنجاب کا دورہ کرنا تھا۔ اس دوران وہ بذریعہ ہوائی جہاز بھٹنڈہ پہنچے، جہاں سے انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے حسینی والا کے شہید میموریل پر پہنچنا تھا لیکن موسم خراب ہونے کی وجہ سے وہ بذریعہ سڑک شہید میموریل کے لیے نکلے جس میں دو گھنٹے سے زیادہ وقت درکار تھا۔
اس کے بعد پنجاب کے ڈی جی پی کی جانب سے ضروری حفاظتی انتظامات کی تصدیق کے بعد وزیراعظم بذریعہ سڑک روانہ ہوئے۔
اسی وقت کسی وجہ سے سڑک بلاک ہوگئی جس کی وجہ سے وزیر اعظم 15 سے 20 منٹ تک فلائی اوور پر پھنسے رہے اور اس کے بعد واپس بھٹنڈہ لوٹ گئے جس کے بعد پنجاب پولیس اور حکومت سوالات کے گھیرے میں ہیں۔
اس معاملے میں مرکزی وزارت داخلہ نے بھی پنجاب حکومت سے معلومات طلب کی ہے۔ ساتھ ہی پنجاب حکومت نے اس معاملے میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جبکہ دوسری جانب وزیراعظم کی سکیورٹی میں کوتاہی کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا اور ایک وکیل کی جانب سے دائر درخواست PIL on PM security lapse پر جمعہ کو سُپریم کورٹ میں سماعت ہوگی۔