بھیما ورم (آندھرا پردیش): وزیر اعظم نریندر مودی آج آندھرا پردیش کے دورے کے لیے روانہ ہوں گے۔ جہاں وہ مجاہد آزادی الوری سیتارام راجو کے مجسمے کی نقاب کشائی کریں گے۔ وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم کے دورے کے لیے بھیم ورم اور گناورم میں تقریباً تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ بھیم ورم میں ہفتہ کی رات سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے وزیر اعظم کے دورے کی تیاریاں متاثر ہو کر رہ گئی ہیں۔ پیڈامیرم گراؤنڈ میں وزیر اعظم کا جلسہ ہونا ہے، لیکن تیز بارش کے سبب وہ علاقہ بھی متاثر ہوگیا ہے۔ PM Modi visits andhra pradesh today
وزیر اعظم کے دورے کے لیے نوڈل افسر کے طور پر مقرر اسپیشل چیف سکریٹری رجت بھارگوا نے اتوار کو تمام تیاریوں کا جائزہ لیا۔ بھارگو نے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) کے وی۔ راجندر ناتھ ریڈی اور مغربی گوداوری کے ضلع مجسٹریٹ ایم پرشانتی و دیگر عہدیداروں کے ساتھ پیڈامیرم پارک اور جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بارش کی صورت میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ڈی جی پی نے بھیم ورم میں اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی اور حفاظتی تیاریوں سے متعلق ہدایات دیں۔ راجندر ناتھ ریڈی نے کہاکہ "ہم بھیم ورم شہر میں مختلف پوسٹوں پر 2,200 پولیس اہلکاروں کو تعینات کر رہے ہیں۔ گناورم ہوائی اڈے پر 800 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے کیونکہ وزیر اعظم کا طیارہ وہاں اترے گا۔ ہم وزیر اعظم کے دورے کے لیے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی پیر کو صبح 10.10 بجے حیدرآباد سے خصوصی پرواز کے ذریعے گناورم کے وجے واڑہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچیں گے۔ ان کا استقبال ریاستی گورنر بسوا بھوشن ہری چندن اور وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کریں گے۔ وزیر اعظم ہوائی اڈے سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھیم ورم پہنچیں گے، جہاں وہ 11 بجے مجاہد آزادی الوری سیتارام راجو کے مجسمے کی نقاب کشائی کریں گے۔
مزید پڑھیں:۔ PM Modi Addresses in Hyderabad: تلنگانہ میں بی جے پی کی عوامی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے