نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کے روز تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کا دورہ کریں گے اور سکندرآباد -تروپتی سیمی ہائی اسپیڈ وندے بھارت ٹرین کا افتتاح کریں گے اور سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق وزیر اعظم مودی صبح 11.30 بجے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ اس پروگرام میں حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں کے لیے 13 نئی ایم ایم ٹی ایس ٹرین سروس کو بھی جھنڈی دکھائیں گے اور سکندرآباد -محبوب نگر کے درمیان تقریباً 85.24 کیلو میٹر لمبی لائن کو ڈبل کرنے کا اعلان کریں گے۔
ساتھ ہی سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو اور ریلوے سے متعلق دیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ برق کاری کے منصوبے کا افتتاح بھی کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں تلنگانہ کے گورنر تمل سوندرراجن، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت جی کشن ریڈی موجود ہوں گے۔سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو اور ریلوے سے متعلق دیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ آج اپنے ٹویٹ میں سکندرآباد تروپتی وندے بھارت ایکسپریس کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وندے بھارت ٹرین فخر، سکون اور رابطے کا مترادف ہے۔ ہفتہ کے روز شروع ہونے والی یہ ٹرین صبح 11.30 بجے روانہ ہوگی اور رات 9 بجے تروپتی پہنچے گی۔ یہ ٹرین چیرلاپلی، میریالاگوڈا، پڈوگورلہ، تینالی، باپٹلا، چرالا اور گڈور میں بھی باقاعدہ اسٹاپیج کے ساتھ رکے گی۔
یو این آئی