دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو سول سروسز ڈے پر دہلی کے وگیان بھون کا دورہ کریں گے، جہاں وہ 11 بجے آئی اے ایس افسران سے خطاب کریں گے۔ اس کے ساتھ وہ نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران کو ایوارڈ بھی دیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے ایک بیان میں ملکی ترقی میں سرکاری ملازمین کے کردار کی مسلسل تعریف کی ہے اور انہیں مزید محنت کرنے کی ترغیب دی۔ اس پروگرام کے ساتھ، پی ایم مودی ملک بھر کے سرکاری ملازمین کی حوصلہ افزائی کریں گے، تاکہ وہ امرت کال کے دوران جوش و جذبے کے ساتھ قوم کی خدمت کر سکیں۔
مزید پڑھیں: Civil Services Day: وزیراعظم نے امرت کال میں سیول سروسز کے لئے رکھے تین ہدف
بھارت میں ہر سال 21 اپریل کو نیشنل سول سروس ڈے منایا جاتا ہے۔ یہ پروگرام پہلی بار 21 اپریل 2006 کو وگیان بھون میں منعقد کیا گیا تھا۔ یہ تقریب ملک کے مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے تمام عہدیداروں کی تعریف کے طور پر منائی جاتی ہے، جو بھارت کی انتظامی مشینری کو چلانے کے لیے بہت محنت کرتے ہیں۔ یہ سرکاری ملازمین کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ اپنے آپ کو شہریوں کی خدمت کے لیے وقف کر دیں۔ آزاد بھارت کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے 21 اپریل 1947 کو دہلی کے میٹکالف ہاؤس میں ایڈمنسٹریٹو سروس کے پروبیشنرز افسران سے خطاب کیا۔ اپنی تقریر میں پٹیل نے سرکاری ملازمین کو 'اسٹیل فریم آف انڈیا' قرار دیا۔ تب سے ہر سال 21 اپریل کو نیشنل سول سروس ڈے منایا جاتا ہے۔