راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھرگے نے منگل کو کورونا وبا کی وجہ سے ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال پر ایوان میں ہونے والی گفتگو میں حصہ لینے کے دوران کہا کہ ملک کے عوام نے وزیراعظم نریندر مودی پر پوری طرح سے اعتماد کا اظہار کیا تھا لیکن وزیراعظم نے اعتماد کو توڑتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب مودی جی نے لوگوں سے اپیل کی تو انہوں نے تھالی اور تالی بجائی اور دیپ بھی جلائے۔ یہاں تک کہ گھروں میں قید رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اموات کے اعداد و شمار بھی ٹھیک سے نہیں بتائے جارہے ہیں۔
ملک ارجن کھرگے نے کہا کہ وزیر اعظم اس مسئلے کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے لیکن انہوں نے اس کی ذمہ داری لینے کے بجائے مرکزی وزیر صحت کو قربانی کا بکرا بنایا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ان کی پارٹی کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے حکومت کا تعاون کرنے تیار ہے۔ ہم سب مل کر اس چیلنج کا سامنا کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:
Corona Virus Update: بھارت میں کورونا کے 30,093 نئے کیسز، 374 اموات درج
انہوں نے ایوان میں بتایا کہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ، کانگریس کی چیئرپرسن سونیا گاندھی اور خود انہوں نے وزیراعظم کو خط لکھ کر تجاویز پیش کی تھیں لیکن آج تک ان تینوں خطوط کا کوئی جواب نہیں ملا اور نہ ہی اس پر کوئی بات کی گئی ہے۔ ایسی صورتحال میں ملک مل کر اس چیلنج کا کس طرح مقابلہ کرسکتا ہے۔
یواین آئی