گاندھی نگر: وزیر اعظم نریندر مودی گجرات کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ وہ آج گاندھی نگر میں وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کے نئے ورژن کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ نئی وندے بھارت ایکسپریس سب سے تیز رفتار ٹرین ہے، جو آرام دہ اور جدید ریل سفر کے تجربے کے ایک نئے دور کا آغاز کرتی ہے۔ اب یہ ٹرین تجارتی طور پر چلانے کے لیے تیار ہے۔ یہ ٹرین گجرات اور مہاراشٹر کے ریاستی دارالحکومتوں کو جوڑنے والی گاندھی نگر اور ممبئی کے درمیان چلے گی۔ اس ٹرین کی خصوصیات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ویسٹرن ریلوے زون کے سی پی آر او سمیت ٹھاکر نے کہا کہ "وندے بھارت ایکسپریس ایسی بہت سی بہتر سہولیات فراہم کرے گی، جو مسافروں کو پرواز کے دوران تجربہ ہوتا ہے۔ یہ جدید ترین حفاظتی خصوصیات سے بھی لیس ہے۔
وزیر اعظم مودی گاندھی نگر کیپیٹل ریلوے اسٹیشن پر ایک تقریب میں صبح 10.30 بجے وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ اس موقع پر وزیر ریلوے اشونی ویشنو اور گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل بھی موجود رہیں گے۔ مودی اور دیگر مہمان احمد آباد کے کالوپور کے ریلوے اسٹیشن تک اس نئی ٹرین میں سفر کریں گے اور اس کے بعد ٹرین تقریباً 2 بجے ممبئی کے لیے روانہ ہوگی۔ بڑودہ ا اور سورت میں رک کر یہ ٹرین تقریباً 8.20 بجے ممبئی سنٹرل پہنچے گی۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب مودی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کی سواری کریں گے۔ اس سے پہلے انہوں نے پہلی مرتبہ وندے بھارت ٹرین کا افتتاح 15 فروری 2019کوکیا تھا۔ لیکن وہ کبھی ایک اسٹیشن سے دوسرے اسٹیشن پر سوار ہو کر نہیں گئے۔ بھارتی ریلوے کی نئی نسل کی وندے بھارت ٹرین 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مسافروں کی خدمت کے لیے تیار ہے۔ ویشنو کے مطابق، وندے بھارت ایکسپریس کا نیا ریک پہلے سے ہلکا ہے اور نئے جدید بوگی ڈیزائن کی وجہ سے مسافر بغیر کسی جھٹکے یا کمپن کے 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکیں گے۔
مزید پڑھیں:۔ Modi Visit to Gujarat پی ایم مودی آج سے گجرات کے دو روزہ دورے پر ہوں گے
ریلوے وزیر کے مطابق وندے بھارت ایکسپریس کے 75 ریکوں کی تیاری اگلے ماہ سے چنئی کی انٹیگرل کوچ فیکٹری میں شروع ہو جائے گی اور ہر ماہ دو تین سے شروع ہو کر آٹھ سے دس ریک ہر مہینے بنائے جائیں گے۔ وندے بھارت کے مستقبل میں بنائے جانے والے 400 ریک 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کے قابل ہوں گے جنہیں ترقی یافتہ ممالک کو بھی برآمد کیا جائے گا۔ وندے بھارت کے پہلے ورژن اور اس نئے ورژن میں فرق کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی وندے بھارت ٹرین صفر سے سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو صرف 52 سیکنڈ میں پارکرتی ہے جب کہ پہلے ورژن کے ساتھ وندے بھارت 54.6 سیکنڈ کا وقت لیتی تھی ۔ اس رفتار کی حد کو عبور کرنے میں بلٹ ٹرین کو 55 سیکنڈ لگتے ہیں۔