آندھرا پردیش کے ضلع سری کاکلم سے تعلق رکھنے والے دو ماہی گیروں کی اتوار کی شام خلیج بنگال میں آنے والے 'طوفان گلاب' کی زد میں آکر ہلاک ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ ایک ماہی گیر اب تک لاپتہ ہے۔
وہیں تین دیگر ماہی گیر محفوظ طریقے سے ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ جس کے بعد ان مچھواروں نے اکوپلی گاؤں سے ریاستی ماہی گیری کے وزیر ایس اپلا راجو کو بحفاظت ساحل تک پہنچنے کی اطلاع دی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان گلاب شمالی آندھرا پردیش اور جنوبی اڈیشہ کے ساحلوں کو عبور کر چکا ہے۔ بحریہ نے اتوار کے روز کہا کہ وہ طوفان 'گلاب' سے پیدا ہونے والی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس کے بحری جہاز اور طیارے بچاؤ اور امدادی کاموں کے لیے تیار ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت پہنچنے کے بعد آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے وزرائے اعلیٰ سے بذریعہ فون رابطہ کرکے طوفان گلاب کے تئیں حالات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے آندھرا پردیش کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی سے طوفان گلاب کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ مرکز سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس کے بعد وزیر اعظم نے اڈیشہ کے وزیراعلیٰ نوین پٹنائک سے بھی بات کی اور طوفان گلاب کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔
وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک کے ساتھ اوڈیشہ کے کچھ حصوں میں طوفان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں کہا کہ مرکز اس حالات پر قابو پانے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے۔
این ڈی آر ایف کی ٹیمیں آندھرا پردیش میں لینڈ فال سے پہلے تعینات کی گئی ہیں۔ انہوں نے وہاں کے مقامی سے بات چیت کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ امدادی ٹیموں نے اڈیشہ کے ضلع گجاپتی کے گمابلاک کے پہاڑی علاقوں اور نشیبی علاقوں سے تقریبا 1600 افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ ضلع میں او ڈی آر اے ایف اور این ڈی آر ایف کی دو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 27 ستمبر تک اوڈیشہ کے شمال مغربی ساحل اور مغربی وسطی خلیج بنگال کے سمندر میں نہ جائیں۔اڈیشہ کے 11 اضلاع میں اسکول بند رہیں گے۔
وزیراعلیٰ نے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پٹنائک نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ساحل سے متصل علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی بروقت انخلا کو یقینی بنائیں اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ کووڈ قوانین پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
مزید پڑھیں: طوفان گلاب آدھی رات کو کلنگاپٹنم-گوپال پور سے ٹکرائے گا
بحریہ نے طوفان کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ضرورت کے مطابق امداد کے لیے وہ مسلسل ریاستی انتظامیہ کے رابطے میں ہیں۔ سمندری طوفان کی تیاری کے ایک حصے کے طور پر فلڈ ریلیف ٹیمیں اور غوطہ خورووں کی ٹیمیں اوڈیشہ میں پہلے سے ہی تعینات ہیں جبکہ فوری مدد کے لیے وشاکھاپٹنم میں بھی موجود ہیں۔