کورونا کی دوسری لہر نے ملک میں تباہی مچا رکہی ہے۔ ملک میں روزانہ تین لاکھ سے زیادہ کورونا کیسز آرہے ہیں۔ کورونا کیسوں میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے ملک بھر میں آکسیجن کے استعمال میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے کئی ریاستوں میں آکسیجن کی کمی کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔
دہلی کے بہت سے اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے صورتحال تشویشناک ہے۔ راحت کی خبر ہے کہ لیکوڈ مائع میڈیکل آکسیجن (ایل ایم او) کے چار ٹینکر آکسیجن ایکسپریس کے ساتھ رائے گڑھ (چھتیس گڑھ) سے دہلی کینٹ اسٹیشن پہنچ گئے ہیں۔ ایکسپریس پر 70 ٹن آکسیجن بھری ہوئی ہے۔
ریلوے کے ذمہ داروں نے بتایا کہ چونکہ پہلی ٹرین 19 اپریل کو ممبئی سے وشاکھاپٹنم کے لئے خالی ٹینکروں کے ساتھ روانہ ہوئی تھی، 302 ٹن سے زیادہ آکسیجن بحفاظت بھارت کی مختلف ریاستوں میں پہنچا دی گئی ہے جب کہ 154 ٹن آکسیجن راستے میں ہے۔
مہاراشٹر کے باشندوں کے لئے تین ٹینکروں میں 44 ٹن آکسیجن کے ساتھ ایک ٹرین پیر کے دن ہاپا (راجکوٹ، گجرات) سے کلمبولی ( ممبئی کے قریب) پہنچی۔ امید کی جارہی ہے کہ بوکارو (جھارکھنڈ) سے 90 ٹن ایل ایم او کے ساتھ ایک اور ایکسپریس ٹرین (پانچ ٹینکروں پر مشتمل) منگل کے دن صبح لکھنؤ پہنچنے کا امکان ہے۔
ریلوے نے بتایا کہ 'آکسیجن ایکسپریس' ٹرین کے ہر ٹینکر میں تقریباً 16 ٹن طبی آکسیجن آسکتی ہے اور یہ ٹرینیں 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہیں۔ وضاحت کردیں کہ ریلوے کو لکھے گئے خط میں دہلی حکومت نے نو مقامات پر آکسیجن اتارنے کے لئے سہولیات فراہم کرنے کو کہا تھا۔
ریلوے عہدیدار نے کہا تھا کہ ان مقامات کی جانچ اور فزیبلٹی کا تجزیہ کرنے کے بعد ریاستی حکومت کو بتایا گیا کہ آکسیجن کو سات جگہوں پر ہی ٹرین سے اتاراجاسکتا ہے، جب کہ تکنیکی وجوہات کی بناء پر آکسیجن کو ٹرین سے اتارنے کے لئے دو مقامات موزوں نہیں ہیں۔
ریلوے بورڈ کے چیئرمین سُنیت شرما نے اتوار کے روز کہا تھا کہ ریلوے نے انگول، کالنگ نگر، راورکیلا اور رائے گڑھ سے دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) میں آکسیجن لے جانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ شرما نے کہا تھا کہ دہلی حکومت کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آکسیجن لینے کے لئے روڈ ٹینکر کو تیار رکھیں۔
واضح رہے کہ حکمران عام آدمی پارٹی نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران الزام لگایا تھا کہ مرکزی حکومت نے جو وعدے کیے تھے وہ اس پر پوری طرح سے عمل آوری نہیں کر پارہے ہیں، کیونکہ قومی دارالحکومت کو ابھی تک آکسیجن کا پورا کوٹہ نہیں مل پایا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے رہنما درگیش پاٹھک نے حکومت سے اس بحران کے درمیان دہلی میں مناسب آکسیجن کی فراہمی و دستیابی کی اپیل کی تھی۔