اوقاف انجمن جامع مسجد کی جانب سے جاری کردہ بیان میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان مقدس اور متبرک تقریبات اور عشرہ نجات کی خصوصی عبادات، ذکر و اذکار، درود و دعا اپنے اپنے گھروں میں رہ کر انجام دیں اور اللہ تبارک و تعالی کے حضور عاجزی کے ساتھ اس کی رضا اور خوشنودی حاصل کریں۔
اس کے ساتھ ہی موجودہ عالمی وبا سے مکمل نجات کی خاطر خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام کریں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جب جان ہے تو جہان ہے اور تب ہی عبادت و بندگی بھی ممکن ہے۔ اس لیے کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کے مدنظر انتظامیہ اور صحت ماہرین کی جانب سے وضع کیے گئے رہنما خطوط پر من و عن عمل پیرا رہیں تاکہ اس خطرناک اور جان لیوا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔
انجمن اوقاف جامع مسجد نے مسلمانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ عیدالفطر سے قبل شرعی فریضہ یعنی صدقہ عیدالفطر ادا کر کے اپنے گردوپیش میں ضرورتمندوں، غریبوں اور مسکینوں تک پہنچائے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔
واضح رہے کہ جامع مسجد سرینگر کو گزشتہ ہفتے ہی اجتماع اور نمازوں کے لئے بند کردیا گیا ہے۔