ممبئی: مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے ممبئی سے متعلق بلاوجہ بیان دے کر ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر کی توہین کی ہے۔ انہیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ ممبئی کی تعمیر میں مراٹھی لوگوں نے سب سے زیادہ تعاون کیا ہے، لیکن کوشیاری مناسب معلومات کے بغیر اس طرح کے بیانات دے کر چھترپتی شیواجی مہاراج کے مہاراشٹر کی توہین کر رہے ہیں۔ گورنر کو اپنے بیان پر ریاست کی عوام سے معافی مانگنی چاہیے اور اس طرح کے غیرذمہ دارانہ بیان پر عزت مآب صدر جمہوریہ، وزیراعظم نریندرمودی اور مرکزی وزیر داخلہ کو سخت فیصلہ کرتے ہوئے کوشیاری کو گورنر کے عہدے سے ہٹا دینا چاہیے۔ ریاست کے گورنر کے ممبئی سے متعلق بیان پر یہ سخت ردعمل آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے ظاہر کیا ہے۔Nana patole react on governor koshyari statement
گورنر کوشیاری کے متنازعہ بیان کا نوٹس لیتے ہوئے نانا پٹولے نے مزید کہا کہ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کا معاشی دارالحکومت ممبئی کے بارے میں بیان انتہائی توہین آمیز ہے۔ انہیں بولنے سے پہلے اچھی طرح سے معلومات حاصل کرنا چاہئے۔ کوشیاری کو معلوم ہونا چاہیے کہ مہاراشٹر نے گجراتی اور راجستھانی سماج کو کیا دیا ہے۔ اڈانی، امبانی سمیت کئی صنعت کاروں کو کامیاب بنانے میں ممبئی اور مہاراشٹر کا بڑا حصہ ہے۔ گورنر کا عہدہ وقار و احترام کا ہوتا ہے لیکن کوشیاری نے اس عہدے کی شبیہ کو داغدار کیا ہے۔
مزید پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کوشیاری نے چھترپتی شیواجی مہاراج، مہاتما جیوتی با پھولے، ساوتری بائی پھولے جو مہاراشٹر کی شان ہیں اور جن کی دیوتا کے مانند پر پوجا کی جاتی ہے، کے بارے میں بہت سے بے تکے بیانات دے کر ہمارے عظیم شخصیات کی توہین کی ہے۔ گورنر کوشیاری کا رویہ ہمیشہ مہاراشٹر مخالف رہا ہے۔ گورنر کے عہدے پر فائز رہتے ہوئے وہ مسلسل غیر ذمہ دارانہ بیانات دیتے رہے ہیں لیکن اب انہوں نے ساری حدیں پار کردی ہیں۔ ہم گورنر کا مرتبہ سمجھتے ہیں لیکن اس عہدے پر فائز شخص کو اس عہدے کی ساکھ برقرار رکھنی چاہیے۔ لیکن بدقسمتی سے کوشیاری کے معاملے میں ایسا نہیں ہو رہا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ ہم صدر جمہوریہ، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ گورنر کوشیاری کے بیان پر دھیان دیں اور انہیں واپس بلائیں۔
یو این آئی