احمدآباد: گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے قبل احمد آباد کی جامع مسجد کے شاہی امام شبیر احمد صدیقی نے سیاسی پارٹیوں کو نشانہ بناتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں مسلم خواتین کو ٹکٹ دینے پر متنازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اسمبلی انتخابات میں مسلم خواتین کو امیدوار بنائے جانے کے بالکل قائل نہیں ہوں اور جو لوگ اسلام کو کمزور کرنا چاہتے ہیں وہ مسلم خواتین کو انتخابی ٹکٹ دیتے ہیں، ایسے لوگ اسلام کے خلاف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات میں مرد کو امیدوار بنانا چاہیے، خواتین کو پردہ میں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے اسلام کا مسئلہ اٹھایا ہے تو میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہماری مساجد میں نماز کے دوران ایک عورت نظر نہیں آئے گی کیونکہ اسلام میں سب سے اہم چیز نماز ہے اور اگر عورتوں کا اس طرح لوگوں کے سامنے آنا مناسب ہوتا تو انہیں مسجد میں آنے سے نہیں روکا جاتا۔ اسلام میں عورتوں کو مسجد میں جانے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ Muslim women should not be candidates in elections says shabbir ahmed siddiqui
انہوں نے مزید کہا ہے کہ مسلم خواتین کو انتخابی میدان میں لانے والے اسلام سے بغاوت کر رہے ہیں۔ ہمارے مذہب میں مردوں کو انتخابی میدان میں آنے کی کوئی ممانعت نہیں ہے اس لیے خواتین کے بجائے مردوں کو امیدوار بنانا چاہیے اور ہم متحدہ طور پر ان کو ووٹ دیکر کامیاب بنانے کی پوری کوشش کریں گے۔ تیسری پارٹی بھی الیکشن لڑ رہی ہے اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گجرات میں تیسری پارٹی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، لوگ پہلے بھی آئے لیکن کبھی نہیں کامیاب ہوئے۔ گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 5 دسمبر کو ہوگی اور مفتی شبیر احمد بھی دوسرے مرحلے کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے جائیں گے۔