یوکرین میں روسی حملہ میں ہلاک ہونے والے کرناٹک کے طالب علم نوین شیکھرپا گیانگودر کا جسد خاکی آج علی الصبح بنگلورو کے کیمپیگوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچا۔ Naveen's Body Arrives Karnataka Today
وزیراعلی بسواراج بومئی اپنے کابینہ کے ساتھ بنگلورو انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے اور میت کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی طاقت کا اندازہ بحران کے وقت ہوتا ہے۔ بھارتی حکومت نے نوین کی لاش کو واپس لا کر بحران کی اس گھڑی میں قوم کی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 'آج لاش آئی ہے اور ہم نے تمام انتظامات کر لیے ہیں۔'
بومئی نے کہاکہ "نئی دہلی، غازی آباد، ممبئی اور بنگلور ہوائی اڈوں پر تعینات ہمارے افسران نے یوکرین سے واپس آنے والے طلباء کی اچھی طرح سے دیکھ بھال کی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ یوکرین سے واپس آنے والے طلباء بحفاظت اپنے گھروں تک پہنچ جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحران کے 12 گھنٹے کے اندر ایک ہیلپ لائن شروع کی گئی۔ ریاستی حکام وزارت خارجہ کے ساتھ ساتھ یوکرین میں بھارتی سفارت خانے سے بھی رابطے میں تھے۔
مزید پڑھیں:۔ Naveen's Body to be Donated to Medical Institute: نوین کی لاش میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کو عطیہ کی جائے گی
بومئی نے کہا کہ حکومت نے یوکرین میں پھنسے طلباء تک پہنچنے کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ اور ایک ویب سائٹ بھی بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں نے اچھا کام کیا ہے۔ بومئی نے کرناٹک کے طالب علم کی لاش واپس لانے میں مدد کرنے پر ریاست، بھارت، یوکرین اور پولینڈ کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 'مجھے افسوس ہے کہ ہم نوین کو زندہ واپس نہیں لا سکے۔'
انہوں نے کہاکہ 'ہماری حکومت نوین کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم نے معاوضہ جاری کر دیا ہے اور ہم دیکھیں گے کہ ان کے چھوٹے بھائی کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ کرناٹک کے ہاویری ضلع کے نوین کی یکم مارچ کو کھارکیف میں موت ہو گئی تھی اور ان کا خاندان حکام سے طالب علم کی لاش واپس لانے کا مطالبہ کر رہا تھا۔ یوکرین اور روس کے درمیان شدید جنگ کے باعث لاش لانے میں تاخیر ہوئی۔ نوین کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ آخری رسومات کے بعد لاش کو میڈیکل کالج کو عطیہ کر دیا جائے گا۔