دارالحکومت دہلی کے شمال مشرقی علاقے کے رہائشی محمد علیم خواتین اور مخصوص افراد کی گاڑیوں کی مفت میں مرمت کرتے ہیں اور وہ یہ کام گذشتہ 10 برسوں سے کرتے آ رہے ہیں۔
وہ نہ صرف موقع پر پہنچ کر اسکوٹر کی مرمت کرتے ہیں بلکہ گاڑی میں زیادہ خرابی ہونے پر اسے سروس سینٹر بھی لے جاتے ہیں۔ اس دوران سروس بالکل مفت رہتی ہے۔ البتہ اگر کچھ پرزے تبدیل کرنا ہوتا ہے تو اس کی قیمت ادا کرنی ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں:۔ ادھمپور: مخصوص افراد کے درمیان اسکوٹی تقیسم
محمد علیم دہلی کے کسی بھی علاقے میں خواتین اور مخصوص افراد کی جانب سے ایک فون کال کے ذریعے بائیک یا اسکوٹر کی مرمت کرنے کے لیے دیر رات بھی حاضر ہو جاتے ہیں۔ علیم کے مطابق وہ اب تک 30 ہزار سے زائد خواتین و مخصوص افراد کی گاڑیاں بغیر کسی اجرت کے ٹھیک کر چکے ہیں۔
محمد علیم کا کہنا ہے کہ قریب 10 برس قبل شاستری پارک سے کشمیری گیٹ کی جانب جانے والی سڑک پر ایک معذور اپنی اسکوٹر خراب ہونے کی وجہ سے کافی پریشان تھا، میں نے ان سے پریشانی کا سبب معلوم کیا اور ان کی اسکوٹر کی مرمت کر کے ان کی پریشانی کو حل کیا۔ اس کے بعد اس مخصوص شخص کے چہرے پر جو خوشی دیکھنے کو ملی اس سے مجھے بہت سکون ملا اور اس وقت سے میں نے یہ فیصلہ کیا کہ وہ ایسے لوگوں کی مدد کریں گے۔