جنوبی ضلع اننت ناگ کے قاضی گنڈ علاقے سے تعلق رکھنے والے سکمز( SKIMS) کے ایک ریٹائرڈ ملازم احمداللہ وانی کو حال ہی میں نیشنل فلورنس نائٹنگیل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد احمد اللہ وانی اپنے آبائی گھر پہنچے جہاں لوگوں اور رشتہ داروں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ گزشتہ چار دہائیوں سے احمد اللہ وانی، شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اسکمز) صورہ سرینگر میں بحیثیت نرسنگ آفیسر کے بطور اپنی خدمات انجام دے رہے تھے، سروس کے دوران انہوں نے اپنی زندگی مریضوں کی فلاح و بہبود اور خدمات کے لیے وقف کی، انہوں نے پانچ برسوں تک انفیکشن کنٹرول ٹیم کی قیادت کی، خاص طور پر انہوں نے کورونا کے دوران دو برسوں تک اپنی بے لوث خدمات انجام دی۔ ان کی خدمات کو دیکھتے ہوئے احمد اللہ کو صدر ہند دروپدی مُرمُو نے نیشنل فلورنس نائٹنگیل ایوارڈ 2021 سے نوازا۔ اس موقع پر احمداللہ وانی نے کہا کہ یہ ان کے لیے بہت فخر کا لمحہ ہے اور یہ ان کی زندگی کا سب سے خاص دن ہے، ان کا کہنا ہے کہ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ان کو محسوس ہو رہا ہے کہ ان کی محنت رنگ لائی ہے، اس اعزاز سے ان کا حوصلہ مزید بلند ہو گیا ہے، وہ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ ایوارڈ نہ صرف ان کےلئے بلکہ پورے محکمہ کے لئے باعث فخر ہے۔Kashmir Paramedic Ahmadullah Gets National Florence Nightingale Award2021
احمد اللہ نے بی ایس سی نرسنگ کی پڑھائی ختم کرنے کے بعد سنہ1981 میں اسکمز صورہ میں نوکری شروع کی، تن دہی اور ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دینے کے بعد ان کو اسکمز کے انفیکشن کنٹرول ٹیم کے ساتھ نرسنگ سپروائزر انچارج مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے پانچ برسوں تک کام کیا، جس کے بعد انہیں کووڈ19 میں بلاک کے انچارج کی ذمہ داری سونپی گئی، وہ اسکمز میں قائم کئے گئے کشمیر کے پہلے کووڈ19 کورنٹین سینٹر کے انچارج بھی رہے، انہوں نے دو برسوں تک سکمز کووڈ وارڈس کے سربراہ کے طور پر اپنی خدمات انجام دی۔ احمد اللہ وانی کو ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں انچارج کے طور پر 20 سال سے زیادہ کا تجربہ ہے۔ اننہوں نے کشمیر میں شدید برفباری ، زلزلے اور 2014 کے تباہ کن سیلاب کے دوران اپنی نمایاں خدمات انجام دیں ہے۔ انہوں نے مختلف تربیتی پروگراموں میں شرکت کی ہے اور اسکمز انسٹی ٹیوٹ میں کئی ورکشاپس اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا ہے۔ انہوں نے نرسنگ ایجوکیشن ورکشاپس اور کانفرنسوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اس دوران وانی کو آج تک طبی شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دینے کے دوران کئی ایوارڈ مل چکے ہیں۔ انہیں کئی مرتبہ نرسنگ شعبہ میں بہترین مرد نرسنگ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ وانی نرسنگ ایڈمنسٹریشن سرٹیفکیٹ طلباء کے اکیڈمک کونسلر بھی تھے۔ وہ مختلف این جی اوز اور نرسنگ ایسوسی ایشن کے رکن بھی ہیں۔
مزید پڑھیں:۔ National Florence Nightingale Award طبی شعبہ میں بہتر کارکردگی کے عوض احمداللہ وانی اعزاز سے سرفراز
وانی نے اسکمز صورہ میں مختلف محکموں میں نئے چیلنجز کے ساتھ کام کیا، انہوں نے اسکمز صورہ میں سب سے طویل عرصہ 41 برسوں تک کام کیا۔ احمد اللہ وانی پہلے ایسے شخص ہیں جنہوں نے وادی میں پہلے کووڈ19 مریض کی تصدیق کی تھی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وانی میں خدمت خلق کا جذبہ برقرار ہے، وہ آج مریضوں کی کونسلنگ کرتے ہیں اور انہیں بہتر علاج و معالجہ فراہم کرنے میں ان کی مدد کرتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ احمداللہ وانی خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہیں، لہذا وہ اس انعام کے مستحق تھے، ان کو ایوارڈ ملنے کے بعد ان کے علاقے کا نام روشن ہوا ہے، انہوں نے پورے جموں کشمیر کے لوگوں کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ واضح رہے کہ نیشنل فلورنس نائٹنگیل ایوارڈز کا آغاز 1973 میں وزارت صحت اور خاندانی بہبود، حکومت ہند نے نرسنگ پیشہ ور افراد کی طرف سے مریضوں کے لیے کی جا رہی طبی خدمات اور دیکھ بھال کے طور پر کیا تھا۔