ٹوکیو اولمپکس کے 10 ویں دن بھارت کے کھاتے میں ایک اور تمغہ شامل ہوگیا ہے۔ اسٹار شٹلر پی وی سندھو نے کانسہ کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ چین کی بنگ جیاؤ کو شکست دے کر حاصل کیا۔
واضح رہے کہ بھارت کے کھاتے میں اب دو تمغے ہیں۔ باکسنگ میں بھی میڈل پکا ہوچکا ہے۔ خاتون باکسر لولینا بورگوہن سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔
وہیں مردوں کی ہاکی ٹیم نے تاریخ رقم کی ہے۔ وہ برطانیہ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں داخل ہوگئی ہیں۔ وہ چار دہائیوں کے بعد اولمپکس کے سیمی فائنل میں پہنچی ہیں۔ آج بھارت کے پاس تمغہ جیتنے کے امکانات ہیں تو کئی کھیلوں میں تمغے آنے کی امید ہوگی۔
ایتھلیٹکس ابتدائی کھیلوں میں سے ایک ہوگا جہاں سے بھارت 2 اگست کو اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔ یہاں بھارت کی 'دوتی چند' خواتین کے 200 میٹر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفیکیشن راؤنڈ میں دوڑتی نظر آئیں گی۔ وہ ہیٹ 4 میں دوڑیں گی، جو بھارتی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوگا۔
بھارت کی کمل پریت کور، جو اپنا پہلا اولمپکس کھیل رہی ہیں، خواتین کے ڈسکس تھرو یعنی چکا پھینک میڈل جیتنے کی بڑی دعویدار ہیں۔ کوالیفیکیشن راؤنڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی کمل پریت کے میڈل کا رنگ کیا ہوگا؟ یہ صرف پیر کی شام کو معلوم ہوگا۔
ٹوکیو میں ٹریک اینڈ فیلڈ ایرینا میں خواتین کا ڈسکس تھرو فائنل شام 4:30 بجے شروع ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: Tokyo Olympics: ٹوکیو اولمپکس میں بھارت کے نام ایک اور میڈل
دو بھارتی رائفل مین سنجیو راجپوت اور ایشوریہ تومر آج 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن میں حصہ لیتے نظر آئیں گے۔ اس ایونٹ کا کوالیفیکیشن راؤنڈ بھارتی وقت کے مطابق صبح 8 بجے ہوگا۔ جب کہ فائنل دوپہر ایک بجے ہوگا۔
اس کے علاوہ 2 اگست کو بھارت کی خواتین ہاکی ٹیم کا کوارٹر فائنل میچ آسٹریلیا کے خلاف ہوگا، یہ ایک بڑا میچ ہے۔ لیکن اگر بھارتی خواتین اس میچ کو الٹ پھیر کر کے جیت لیتی ہیں تو نہ صرف یہ کہ وہ میڈل کے ایک قدم کے قریب ہوں گی۔ بلکہ یہ ایک مضبوط دعویدار کے طور پر بھی ابھریں گی۔ یہ میچ بھارتی وقت کے مطابق صبح 8.30 بجے ہوگا۔