ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں واقع کستوربا گاندھی پکشی وہار پارک تقریبا دو برس بند رہنے بعد اب کچھ تبدیلوں کے ساتھ دوبارہ کھل سکے گا، جہاں بڑے پیمانے پر تعمیراتی کام جاری ہے۔
ریاست کے دیگر مقامات کے ساتھ ہی رامپور میں بھی رکن پارلیمان اعظم خاں اپنی گذشتہ سماجوادی حکومت میں عوامی سیر و تفریح کے مقامات کی تعمیر کرائی تھی۔ ان میں سے ایک کستوربا گاندھی پکشی وہار پارک ہے، جہاں خوبصورت درخت اور پودوں کے علاوہ ایک بڑی جھیل بھی بنائی گئی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ اس پارک کو لوگ جھیل کے نام سے بھی جانتے ہیں۔
رامپور میں یہ ایسا پکنک اسپاٹ بن گیا تھا کہ لوگ دور دراز علاقوں سے رامپور پہنچنے والے اپنے مہمانوں کو بھی سیر و تفریح کے لئے یہاں لاتے تھے لیکن سماجوادی حکومت ختم ہونے کے ساتھ ہی اس پارک کی دیکھ ریکھ نہیں ہوئی جس باعث پارک کی رونق بھی آہستہ آہستہ ختم ہو گئی، یہاں تک کہ کورونا دور میں لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے بعد پارک بھی مکمل طور پر بند ہو گیا اور اس درمیان یہاں جب صاف و صفائی کا کوئی کام نہیں ہوا تو بڑی بڑی گھانس نکل آئی اور آہستہ آہستہ یہ پارک سانپوں کی آماجگاہ بن گیا۔
حالانکہ اس دوران پکشی وہار پارک سے متصل پولیس لائن کا کیمپس بڑا ہو گیا اور پارک کے درمیان دیوار تعمیر ہونے سے پارک کا رقبہ نصف رہ گیا ہے۔ وہیں گذشتہ ماہ سے یہاں دوبارہ کچھ تعمیراتی کام ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:۔ حیدرآباد کے جوبلی ہلزمیں پارک کا افتتاح
اس سے متعلق کانٹریکٹر انجینئر وپن شرما نے ہمیں بتایا کہ کسی وجہ سے یہ بند ہو گیا تھا لیکن نگر پالیکا کی چیئرپرسن فاطمہ جبیں نے اس کو مزید خوبصورت اور بہتر بنانے کے لئے کچھ فیصلے لیے ہیں۔ اس پارک میں اب ریستوران، جھولے، کشتیاں اور شاپنگ کی اسٹالز تعمیر کرائے جا رہے ہیں۔