اتوار کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ کو بارش کے سبب بند کردیا گیا۔ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کو جواہر ٹنل کے آر پار موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث شاہراہ کو ٹریفک کی نقل و حرکت کے لئے بند کردیا گیا۔
حکام کے مطابق ٹریفک کو اس وقت اس لیے بند کرنا پڑا ہے کیوں کہ خراب موسم کے باعث شاہراہ پر گاڑیوں کا چلنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔ کئی مقامات پر پسیاں گر آئی ہیں۔
شاہراہ کو قابل آمد و رفت بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ اس درمیان شاہراہ بند ہونے کے باعث درمانده ڈرائیوروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے ہفتہ سے کشمیر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پیر کو موسم میں بہتری آئے گی۔
وقفے وقفے سے ہلکی بارش جمعہ کی رات سے شروع ہوئی جبکہ سری نگر سمیت کشمیر کے بیشتر علاقوں میں ہفتہ کی علی الصبح تیز بارش شروع ہوئی۔