نئی دہلی: جامعہ ہمدرد کے شعبہ سینٹر فار میڈیا و ماس کمیو نیکیشن اسٹڈیز کے زیر اہتمام ایک لیکچر سریز " میڈیا میٹرز" کا آغاز ہوا ہے۔ اس لکچر سریز کا مقصد ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں میڈیا انڈسٹری کا تنقیدی جائزہ لیا جا سکے اور میڈیا کے سماج پر پڑنے والے اثرات پر مذاکرہ کو فرغ دیا جاسکے۔ اس کے افتتاحی اجلاس کے مہمان خصوصی انڈین انسٹیٹیوٹ آف ماس کمونیکیشن ( آئی آئی ایم سی ) کے ڈائریکٹر پروفیسر سنجے دیویدی نے خطاب کرتے ہوئے میڈیا انڈسٹری میں آنے والی انقلابی تبدیلیوں کا ذکر کیا۔
انہوں نے روایتی میڈیا کے ڈیجیٹل ٹرانسفر میشن کے عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے مقامی زبان کی صحافت کے روشن مستقبل کی امید ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی زبان کی صحافت اور پوڈکاسٹ میڈیا میں آنے والے وقت میں روزگار کے زیادہ مواقع ہوں گے۔ شیخ الجامعہ, جامعہ ہمدرد پروفیسر( ڈاکٹر ) افشار عالم نے اپنے صدارتی خطبہ میں شعبہ کے اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس لیکچر سریز سے ملک کی ترقی اور جمہوریت کے استحکام میں میڈیا کے رول کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ طلبا اور عوام کو میڈیا کے اصول و ضوابط اور اس کے رول کا تنقیدی جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔
پروفیسر فرحت بصیر نے خطبہ استقبالیہ میں اس لیکچر سریز کی اہمیت اور مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لیکچر سریز سے سوسائٹی میں میڈیا کے تئیں بیداری آئے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا اس لیکچر سریز کا مقصد میڈیا کے مختلف شعبوں جیسے صحافت، اشتہار، پبلک ریلیشن، ٹیلی ویژن پروڈکشن اور فلم انڈسٹری اور کام کے نوعیت میں آنے والی تبدیلیوں کا جائزہ لینا ہے ، یہ لیکچر سریز صحافت اور دوسرے شعبہ کے طلبا کے لیے بہت کار آمد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Mega Job Fair in Jamia Hamdard: جامعہ ہمدرد میں ’میگا جاب فیئر‘22 دسمبر کو
صدر شعبہ پروفیسر ریشما نسرین نے کلمات تشکر ادا کیے۔ انہوں نے شعبہ کے اس اقدام کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی اور شعبہ کے مقاصد کے حصول میم یہ نہایت اہم قدم ہے اور اس کے مثبت نتائج نکلیں گے۔ واضح رہے کہ جامعہ ہمدرد میں 2020 میں سینٹر فار میڈیا اینڈ ماس کمیو نیکیشن اسٹڈیز کا شعبہ قایم کیا گیا تھا۔ شعبہ فی الحال بیچلر آف جرنلزم اور ماس کمیو نیکیشن کا کورس آفر کر رہا ہے۔ اس شعبہ میں ملک بھر سے آنے والے طلبا زیر تعلیم ہیں۔
یواین آئی