رامحال ویلگام ہندواڑہ میں لوگ ابھی تارت پورہ واقعہ پر سوگوار ہی تھے کہ ہرڈونہ رامحال میں ایک ماہ کے دلہے نے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا جس کے نتیجے میں اس کی نئی نویلی دلہن نے شوہر کی لاش دیکھتے ہی مکان کی چھت سے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔
ایم اے میں زیر تعلیم ہرڈونہ رامحال کے 27 سالہ عرفان احمد وار ولد محمد رستم کی شادی ایک ماہ قبل انجام دی گئی تھی۔ تاہم جمعہ کی صبح ایک ماہ کے دلہے، عرفان نے کوئی زہریلی شئی کھا لی جس کے بعد اس کی حالت نازک ہوئی اور اسے فوری طور پر ضلع اسپتال ہندواڑہ میں داخل کیا گیا جہاں وہ بعد میں زندگی کی جنگ ہار گیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق جونہی عرفان کی لاش گھر پہنچائی گئی تو اس کی نئی نویلی دلہن، نے شوہر کی لاش دیکھ کر اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھی اور اس نے اپنے ہی مکان کی چھت سے چھلانگ لگائی اور زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔ ابھی اس کے شوہر عرفان کی لاش مکان کے صحن میں ہی تھی کہ اس کی اہلیہ کو فوری طور پرائمری ہیلتھ سنٹر ویلگام میں علاج و معالجہ کے لیے داخل کیا گیا جہاں سے انہیں ضلع اسپتال ہندوارہ منتقل کیا گیا۔
دونوں واقعات ایک ساتھ رونما ہونے سے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ادھر ایک ماہ کے دلہے کو سپرد خاک کرنے کے لیے تیاری جاری تھیں اور ادھر اس کی نئی نویلی دلہن کے زخمی ہونے سے گاؤں میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔ پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔