سعودی نے کہا کہ وہ بھارت کی معیشت کو مضبوط بنانے کےلیے سرمایہ کاری کا خواہشمند ہے۔ مملکت نے اپنے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس بحران کی وجہ سے بھارت کی معیشت پر برا اثر پڑا ہے تاہم دونوں ممالک کی معیشت کو بحال کرنے کےلیے اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
سعودی عرب کے مطابق بھارتی معیشت میں کورونا وبا کے برے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت موجود ہے۔ سعودی سفیر ڈاکٹر سعود بن محمد السطی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارت میں سرمایہ کاری کے ہمارے منصوبے برقرار ہیں اور ہم بھارت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں اہم شراکت داری کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اسٹراٹیجک پارٹنر شپ کونسل نے کئی اہم شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کئے ہیں۔
ڈاکٹر سعود بن محمد السطی نے بھارت کو دنیا کی پانچویں اور جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی معیشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کورونا وبا کے اثرات سے سنبھلنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں سرمایہ کاری کے منصوبہ پر عمل آوری کے سلسلہ کو جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے مودی حکومت کی جانب سے معیشت کو بحال کرنے کے اقدامات کی ستائش کی۔