وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سال 2022-23 کا عام بجٹ عوام دوست اور ترقی پسند ہے اور اس نے کورونا وبا کے دوران روزگار کے نئے مواقع کے ساتھ ساتھ اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے منگل کو لوک سبھا میں عام بجٹ پیش کرنے کے بعد وزیر اعظم نے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا کہ "اس بجٹ نے عالمی وبا کی خوفناک آفت کے دوران اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔
یہ بجٹ مزید انفراسٹرکچر، زیادہ سرمایہ کاری، زیادہ ترقی اور زیادہ روزگار کے نئے امکانات سے بھرا ہوا ہے۔ اس سے روزگار کا میدان بھی کھلے گا۔ یہ بجٹ معیشت کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کے لیے بہت سے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کریڈٹ گارنٹی میں ریکارڈ اضافہ کے ساتھ ساتھ بجٹ میں کئی دیگر اسکیمز کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ گھریلو صنعتوں کے لیے دفاعی شعبے میں کیپٹل بجٹ کا 68 فیصد رکھنے سے ایم ایس ایم ای سیکٹر کو بہت زیادہ فوائد حاصل ہوں گے۔ بجٹ کو عوام دوست اور ترقی پسند قرار دیتے ہوئے انہوں نے اس کے لیے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔
- عام بجٹ پر امت شاہ کا رد عمل
دوسری جانب مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے عام بجٹ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ وژنری ہے، جو ملک کی معیشت کا پیمانہ بدلنے والا ثابت ہوگا۔
انہوں نے منگل کے روز سلسلہ وار ٹوئٹس میں لکھا، "بجٹ کے حجم کو بڑھا کر 39.45 لاکھ کروڑ کرنا، کورونا کے دور میں بھی بھارت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کو ظاہر کرتا ہے۔ مالیاتی خسارے کے ہدف کو 6.9 فیصد سے کم کر کے 6.4 فیصد تک لانا ایک بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خود انحصار بھارت کا یہ بجٹ کورونا بحران کے بعد عالمی اقتصادی دنیا میں پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کو دنیا کی ایک سرکردہ معیشت بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
- بجٹ نئے بھارت کی تعمیر کی بنیاد رکھے گا : گڈکری
روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری نے عام بجٹ 2022-23 کو ملک کے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں جس طرح کے التزامات کیے گئے ہیں۔ وہ نئے بھارت کی بنیاد رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی جانب سے پیش کردہ بجٹ ملک میں جدید انفراسٹرکچرکو فروغ دینے کا بجٹ والا ہے، جو ایک نئے بھارت کی بنیاد رکھے گا اور 130 کروڑ بھارتیوں کی زندگیوں کو بہتر بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کیمیکل سے مبرا قدرتی کھیتی کو فروغ دیا جائے گا اور ساتھ ہی پی پی پی ماڈل کے تحت اسکیمز لائی جائیں گی، جس سے کسانوں تک ڈیجیٹل اور ہائی ٹیک ٹیکنالوجی پہنچائی جائے گی اور اس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔