فریڈم ہاؤس کے بعد وی ڈیموکریسی نام کی تنظیم کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے جمعرات کے روز کہا کہ بھارت اب جمہوری ملک نہیں رہا۔ ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے ٹویٹ کیا 'بھارت اب ایک جمہوری ملک نہیں رہا'۔
راہل نے جس اسکرین شاٹس کو شیئر کیا ہے اس میں وی ڈیموکریسی (ورائٹیز آف ڈیموکریسی) کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت اب اتنا آمرانہ (تناشاہ) ملک بن چکا ہے جتنا کہ پاکستان ہے۔ اس رپورٹ میں بھارت کو بنگلہ دیش سے بھی بدتر بتایا گیا ہے۔
امریکی تنظیم 'فریڈم ہاؤس' کی رپورٹ کے ایک ہفتہ بعد سویڈن کے ادارہ وی ڈیموکریسی نے بھی بھارت میں جمہوریت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وی ڈیموکریسی نے بھارت کو 'انتخابی آمریت' والے ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
'آٹو کریٹائزیشن گوز وائرل' کے عنوان سے اپنی رپورٹ میں، وی ڈیموکریسی نے بھارت کو 'دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت' کے درجہ سے ہٹا دیا ہے اور اسے 'انتخابی آمریت' کا ملک قرار دیا ہے۔ اس کے لیے میڈیا کی آزادی کو محدود کرنا، ہتک عزت اور بغاوت کے قوانین کے زیادہ استعمال کو وجہ بتایا گیا ہے۔