کنہیا کُمار، گاندھی جینتی کے موقع پر یہاں کانگریس ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ کل ہند غیر منظم ورکرس کانگریس کے ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ گوڈسے کو ماننے والوں کو بھی گاندھی کے آگے جُھکنا پڑتا ہے۔ یہی گاندھیائی نظریات کی طاقت ہے۔
جے این یو کے سابق طالب علم کنہیا کُمار نے جے جوان، جے کسان کا نعرہ دینے والے سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کو بھی یاد کرتے ہوئے کہا کہ کسان مہینوں سے دہلی کی سرحدوں پر بیٹھے ہیں لیکن وزیراعظم کسانوں کے پاس جانے کی بجائے امریکہ جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم امریکہ جاسکتے ہیں لیکن کسانوں سے ملاقات نہیں کرسکتے۔ ہمیں کسانوں اور مزدوروں کے تئیں اپنی ذمہ داری کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ کانگریس مضبوط ہوئی ہے۔ یہاں تک کہ وزیراعظم نریندر مودی کا بھی خود کو گاندھیائی دکھانا یہ ثابت کرتا ہے کہ کانگریس مضبوط ہوگئی ہے۔
جے این یو کے سابق طالب علم نے کہاکہ ہمیں کسانوں اور مزدوروں کے تئیں اپنی ذمہ داری کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں گاندھی اور شاستری کے ویژن پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: کنہیا نے کہا: کیس کی سماعت جلد کی جائے
کنہیا کُمار نے حکومت کی ڈی مونیٹائزیشن پالیسی(نوٹ بندی) اور سنٹرل وسٹا پروجیکٹ کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم کہتے ہیں کہ حکومت قومی املاک کو فروخت کررہی ہے تو ان کے حامی کہتے ہیں کہ انہیں فروخت نہیں کیا جارہا ہے بلکہ پٹہ پر دیا جارہا ہے۔ اگر وزیراعظم چوکیدار ہیں تو وہ ہماری قومی املاک کیوں دے رہے ہیں۔
کنہیا نے مزید کہا کہ یہ بات تو واضح ہے کہ حکومت کو پیسہ کی ضرورت ہے۔ اگر پیسہ کی کمی ہے تو وزیراعظم اپنے لئے 20,000 کروڑ روپے کا محل کیوں بنا رہے ہیں۔
یو این آئی