دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے پر ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
دراصل ایک ہی خاندان کے افراد دہلی ایئرپورٹ سے کار کے ذریعہ گھر لوٹ رہے تھے، اسی دوران کار ایکسپریس وے پرتا پور ٹول کے قریب کھڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ جس میں سوار چار خواتین سمیت پانچ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ تاہم کار میں موجود سات ماہ کا معصوم بچہ بچ گیا۔
بتادیں کہ بجنور کے رہائشی ظہیر خان دبئی میں فرنیچر کا کام کرتے ہیں اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ گھر آئے ہوئے تھے۔
پیر کو انہیں دبئی واپس جانا تھا، فلائٹ کے لئے ظہیر اور ان کے بیٹے سمیت تین افراد کو چھوڑنے کے لئے خاندان کے افراد ائیرپورٹ گئے تھے، ایئر پورٹ سے واپسی کے دوران کار کے ڈرائیور تاجم کو پرتا پور ٹول پلازہ کے قریب نیند لگ گئی، جس کی وجہ سے کار ٹول کے قریب ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔
مزید پڑھیں:۔ سہارنپور: سڑک حادثہ میں میاں بیوی سمیت تین شخص ہلاک
اس حادثہ میں ظہیر کی بیٹی الماس، ان کا شوہر گلشن ، چھوٹی بیٹی فضیلہ، ساس نسیمہ خاتون اور ظہیر کے بھائی کی بیٹی زوبیریا ہلاک ہو گئے۔
تصادم اتنا شدید تھا کہ ان لوگوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ ایک سات ماہ کا بچہ بچ گیا۔ فی الحال پولیس نے حادثے کے بعد ٹرک کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال بھیج دیا ہے۔