بہار میں گزشتہ تین دنوں سے جاری مسلسل بارش کی وجہ سے ٹھنڈ میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع میں سردی میں شدید اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ آئندہ دو دنوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ شدید سردی کی وجہ سے پٹنہ میں سڑکیں سنسان نظر آئیں، ضرورت مند ہی سڑکوں پر نظر آئے۔ آج بھی صبح سے ضلع میں کہرا چھایا ہوا ہے۔Extreme Cold Wave In Patna
ایک طرف جہاں ٹھنڈ میں عام لوگوں کی زندگی ٹھٹھرتی ہوئی نظر آ رہی ہے وہیں دوسری جانب فٹ پاٹھ پر زندگی گزارنے والے غریب بے سہارا افراد کھلے آسمان کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے آلاؤ کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ایسے میں یہ لوگ اپنے طور پر لکڑی جلاکر ٹھنڈ سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ ضلع انتظامیہ مسلسل دعویٰ کرتی ہوئی نظر آتی ہے کہ ہر چوک چوراہوں پر آلاؤ کا انتظام کیا گیا ہے مگر زمینی حقیقت کچھ اور ہی نظر آ رہے ہیں۔ اس موقع پر سڑک کے کنارے آلاو کے سامنے بیٹھے رنجیت کمار نے کہا کہ ہم بے سہارا لوگوں کی دیکھ بھال کے لئے کوئی نہیں ہے، کوئی گرم کپڑا یا کمبل بھی دستیاب نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Rain in Delhi: دہلی میں بارش سے ٹھنڈ میں اضافہ
وہیں ٹھنڈ میں اضافہ دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے ضلع کے سبھی سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں میں یکم سے ہشتم درجہ تک آئندہ ہدایت تک کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مقامی شخص پرویز عالم نے کہا کہ اس ٹھنڈ میں بہت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، ضرورت کے تحت ہم لوگ باہر نکل رہے ہیں، ٹھنڈ کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے ابھی یہ سرد لہر جنوری بھر رہے گی۔