عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے راجیہ سبھا میں اتراکھنڈ میں پیش آنے والے سانحہ چمولی میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 25 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سنجے سنگھ نے جمعرات کے روز وقفہ صفر کے دوران کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت نے اس سانحہ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے، جو ناکافی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چمولی میں رونما ہونے والی قدرتی آفت میں جاں بحق 34 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں جبکہ 173 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ سکیورٹی اہلکار پن بجلی پروجیکٹ کی سرنگ میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہاں ترقیاتی کام ہونے چاہئیں لیکن دریاؤں کے بہاو کو نہیں روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس تباہی کی وجہ سے 13 دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور متعدد مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ریلیف اور ریسکیو کا کام تیزی سے کرنے کی ضرورت ہے۔