مکہ مکرمہ: حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا کہ امسال رمضان المبارک میں زائرین کو گذشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ عرب میڈیا کے مطابق حرمین شریفین کی انتظامیہ نے رمضان کے آپریشنل پلان کی تیاری کے لیے خصوصی اجلاس میں زائرین کے آمد کو آسان بنانے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ آپریشنل پلان میں زائرین کی ضروریات اور متعلقہ اداروں کی جانب سے پیش کی جانے والی تمام خدمات کی نگرانی پر توجہ مرکوز کی گئی۔
انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ اس سال رمضان میں گذشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی دونوں مقدس مساجد میں زائرین کو معیاری خدمات فراہم کی جائیں گی اور زائرین کو پیش آنے والی مشکلات کا سدباب کیا جائے گا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سال مسجد الحرام میں رمضان کے دوران افطار دسترخوانوں کی نمبرنگ ہوگی۔
اجلاس میں ماہرین نے تجویز دی کہ رمضان کے دوران طلبہ کی سکولوں میں حاضری کے بجائے تعلیم آن لائن کی جائے تاکہ ٹریفک کا رش نہ ہو جب کہ انتظامیہ نے رمضان کے حوالے سے ابلاغی پروگرام بھی ترتیب دیا ہے۔ زائرین کو معتبر اور مستند آگہی سادہ انداز میں فراہم کی جائے گی۔ دوسری جانب سعودی عرب نے نئے حج موسم کے لیے پیشگی انتظامات شروع کر دیے ہیں اور اس سلسلے میں وزارت صحت و عمرہ کے ساتھ مشترکہ تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔
مکہ میونسپلٹی نے کیٹرنگ کمپنیوں کے مالکان اور اداروں سے کہا ہے کہ نئے حج سیزن میں خوراک پروگرام میں حصہ لینے کے خواہشمند اپنا ڈیٹا اپ ڈیٹ کریں جب کہ وزارت حج و عمرہ نے گھروں کے مالکان سے کہا کہ’ وہ عازمین کو اپنے یہاں ٹھہرانے کے لیے اجازت نامہ حاصل کرلیں۔ واضح رہے کہ وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اعلان کیا تھا کہ اس سال 20 لاکھ افراد کو حج خدمات فراہم کی جائیں گی۔
یو این آئی