اورنگ آباد: ریاست مہاراشٹر کے وزیر سیاحت اور بی جے پی رہنما منگل پربھات لودھا نے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اورنگ آباد میں واقع دولت آباد قلعہ کا نام جلد ہی تبدیل کیا جائیگا اور اس کا نیا نام دیوگری قلعہ رکھا جائے گا، جس طرح اورنگ آباد کا نام سنبھاجی نگر کیا گیا، اسی طرح اس قلعہ کا نام بھی آئندہ برس تک تبدیل کر دیا جائے گا۔ Cabinet Minister Mangal Prabhat Lodha
مزید پڑھیں:۔ مہاراشٹرمیں نام بدلنے کی سیاست
ریاستی وزیر سیاحت منگل پربھات لودھا ضلع اورنگ آباد کے دورے پر تھے اور اس موقع پر انہوں نے دولت آباد قلعہ کا دورہ کیا، جس کے بعد میں انہوں نے ایک پروگرام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح اورنگ آباد کا نام بدل کر سمبھاجی نگر رکھا گیا، اسی طرح آئندہ برس مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دن سے پہلے دولت آباد قلعہ کا نام دیوگیری کر دیا جائے گا۔ چند ماہ قبل اورنگ آباد کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ مہاراشٹر کی کابینہ میں لیا گیا، جس کے بعد بہت جلد ہی مرکزی حکومت سے اورنگ آباد کے نام پر مہر لگ جائے گی۔ پچھلے کئی سالوں سے دیکھنے میں آرہا ہے کہ کئی سارے مغلیہ دور کے ناموں کو تبدیل کیا جا رہا ہے، اسی کی کڑی میں اب دولت آباد قلعہ کا نام تبدیل کرنے کا معاملہ بی جے پی رہنما اور ریاست کے وزیر سیاحت منگل پربھات لودھا نے اٹھایا ہے۔