کرولی:۔ راجستھان کے کرولی تشدد معاملہ میں جے پور گریٹر کارپوریشن کی میئر کے شوہر راجا رام گرجر اور کانگریس حامی کونسلر مطلوب احمد سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ایس آئی ٹی ٹیم کے انچارج اے ایس پی کشور بٹولیا نے بتایا کہ سی جے ایم کورٹ کے جج نے تشدد کے معاملے میں تمام مفرور کونسلرز مطلوب احمد، جم مالک آنچی خان، کرولی میونسپل کونسل کے سابق چیئرمین اور گریٹر کارپوریشن کی میئر سومیا گرجر کے شوہر راجا رام گجر اور ہندو سینا کے ریاستی صدر سہاب سنگھ گرجر کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس الگ الگ ٹیمیں تشکیل دے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ اے ایس پی کشور بٹولیا نے بتایا کہ اس واقعہ میں اب تک 41 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ ان میں سے ایک کرولی پولیس اور باقی مختلف متاثرین نے مقدمہ درج کرایا ہے۔ کیس میں پولیس نے اب تک ویڈیو فوٹیج، کالز، لوکیشن وغیرہ کی بنیاد پر تقریباً 144 ملزمان کی شناخت کی ہے۔ اب تک اس کیس کے 29 ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے، جب کہ دو نابالغوں کو بھی حراست میں لے کر چلڈرن کمیونیکیشن ہوم بھیج دیا گیا ہے۔
- مزید پڑھیں:۔ Karauli Violence Case: راجستھان میں تشدد کے دوران ہوئے نقصانات کی بھرپائی کےلیے حکومت کی منظوری
واضح رہے کہ کرولی میں نو سموتسر کے موقع پر 2 اپریل کی شام شوبھا یاترا اور موٹر سائیکل ریلی نکالی جا رہی تھی۔ اس دوران ایک علاقے میں پتھراؤ ہوا جس کے بعد دو برادریوں کے لوگ آمنے سامنے آگئے اور اس پتھراؤ نے تشدد کی شکل اختیار کر لی۔ اس دوران کچھ گاڑیوں اور دکانوں کو آگ لگا دی گئی اور اس میں چار پولیس اہلکاروں سمیت کئی لوگ زخمی ہو گئے۔ اس کے بعد پورے ضلع میں کرفیو لگا دیا گیا۔