وزیراعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ کی سربراہی میں پیر کو ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں کافی ہنگامہ ہوا۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پنجاب پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ سنیل جاکھڑ اور کابینہ کے وزیر سکھجندر سنگھ رندھاوا نے بے ادبی کے کیس اور بہبل کالا فائرنگ کیس کو لیکر وزیراعلی کیپٹن امریندر سنگھ کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔
تاہم وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے موقع پر ہی سنیل جاکھڑ اور سکھجندر سنگھ رندھاوا کے استعفے کو مسترد کردیا۔
واضح رہے کہ اقتدار میں آنے سے قبل کانگریس بے ادبی اور فائرنگ کے کیس میں پنجاب کے عوام کو انصاف فراہم کرنے کے بارے میں مستقل بات کرتی رہی ہے۔
اور اب پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ میں ایس آئی ٹی کے سربراہ کنور وجے پرتاپ کی رپورٹ کو مسترد کرنے کے بعد ریاست کی سیاست میں نیا تنازعہ شروع ہونے سے کانگریس مسلسل بیک فٹ پر جاتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
کانگریس کے ایم ایل اے اور سابق کابینہ کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے بھی وزیر اعلیٰ کے خلاف بےادبی کے معاملے کے بارے میں بھی ایک محاذ کھول رکھا ہے اور روزآنہ ٹویٹ کرکے وزیر اعلیٰ سے سوال کررہے ہیں۔