نئی دہلی: کانگریس نے گوا میں 'آپریشن کمل' کے تعلق سے بھارتیہ جنتا پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے آج کہا کہ کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی سے بی جے پی قیادت پریشان ہے، اس لیے وہ اس طرح کی گندی سیاست کررہی ہے۔Congress On BjP
کانگریس کی ترجمان سپریہ سرینیت نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آپریشن کمل کو چانکیہ نیتی کہتے ہیں لیکن سچائی یہ ہے کہ یہ سب سے بڑی بدعنوانی ہے۔ گوا میں ایم ایل اے، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ یا کس خوف سے بی جے پی میں گئے اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، لیکن بھارت جوڑو یاترا کی وجہ سے بی جے پی پریشان ہے، اس لیے وہ اس طرح کی کارروائیاں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا عام آدمی مہنگائی سے پریشان ہے اور بھارت جوڑو یاترا میں آئے روز اس کی شکایتیں موصول ہو رہی ہیں۔ گوا میں جن ممبران اسمبلی نے انتخابات میں بی جے پی کے خلاف ووٹ مانگے تھے آج اسی بی جے پی میں کس منھ سے جارہے ہیں، یہ سوال ان سے کیا جانا چاہئے۔ ان کا کہناتھا کہ جو ماحول بنایا گیا ہے اس میں اپوزیشن کی سیاست کرنا آج مشکل ترین کام ہو گیا ہے۔ بی جے پی کی اس ذہنیت کو دیوالیہ یا غیراخلاقی کہوں یہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے۔
اس سے قبل پارٹی کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے کہا، بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی کی وجہ سے گوا میں بی جے پی نے آپریشن کیچڑ کوتیزی سے انجام دیا ہے۔ بی جے پی اس یاترا کی کامیابی سے پریشان ہے۔ یاتراکوکمزورکرنے کے لئے ہر روز توجہ بھٹکانے اور پروپیگنڈے کی خوراکیں دی جا رہی ہیں لیکن ہم ثابت قدم ہیں۔ بی جے پی کی ان گندی چالوں کاہم پرکوئی اثرنہیں پڑے گا۔
کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے ٹویٹ کیا، "سنا ہے بھارت جوڑو یاترا سے خوفزدہ بی جے پی نے گوا میں 'آپریشن کیچڑ' منعقد کیا ہے۔ سفر میں دھوپ توہوگی جوچل سکو تو چلو… جو بھارت جوڑو کے اس مشکل سفر میں ساتھ نہیں دے پا رہے ہیں، وہ بی جے پی کی دھمکیوں سے ڈر کر توڑنے والوں کے پاس جائیں، تو یہ بھی سمجھ لیں کہ ہندوستان دیکھ رہا ہے۔
غور طلب ہے کہ گوا میں کانگریس کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ کانگریس کے 11 میں سے آٹھ ایم ایل اے آج بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ پارٹی میں شامل ہونے سے پہلے یہ باغی کانگریس ایم ایل اے گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت سے بھی ملاقات کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: Rahul Gandhi Slams BJP over Inflation مہنگائی سے لوگ کافی پریشان، راہل
یو این آئی