نئی دہلی: چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندر چوڑ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کالجیم نے جمعرات کو کلکتہ، گجرات، الہ آباد، چھتیس گڑھ اور منی پور کے ہائی کورٹس کے چیف جسٹسوں کی تقرری کی سفارش کی۔ چیف جسٹس جسٹس چندر چوڑ، جسٹس سنجے کے کول اور جسٹس کے ایم جوزف کی سربراہی میں تین رکنی کالجیم نے جسٹس ٹی ایس شیوگننم کو کلکتہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنانے کی سفارش کی ہے۔ وہ کلکتہ ہائی کورٹ میں جج ہیں۔ کالجیم نے جمعرات کو ہونے والی میٹنگ میں جسٹس سونیا جی گوکانی کو گجرات ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنانے کی سفارش کی ہے جبکہ جسٹس پریتنکر دیواکر کو الہ آباد ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنانے کی سفارش کی ہے۔ کالجیم نے جسٹس رمیش سنہا کو چھتیس گڑھ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس اور جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر کو منی پور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔
سپریم کورٹ نے جمعہ کو آر ٹی آئی قانون کے تحت 12 دسمبر 2018 کو منعقدہ کالجیم میٹنگ کی معلومات کا انکشاف کرنے کی درخواست کو خارج کر دیا اور اس بات پر زور دیا کہ کثیر رکنی باڈی کے ممکنہ فیصلے کو عام نہیں کیا جا سکتا۔ جسٹس ایم آر جسٹس شاہ اور جسٹس سی ٹی روی کمار کی بنچ نے کہا کہ صرف کالجیم کے تمام ارکان کے دستخط شدہ فیصلے کو ہی حتمی فیصلہ کہا جا سکتا ہے۔ بنچ نے کہا کہ اراکین کے درمیان بحث اور مشاورت پر تیار کی جانے والی ممکنہ تجاویز کو حتمی نہیں کہا جا سکتا جب تک کہ ان پر تمام اراکین کے دستخط نہ ہوں۔ بنچ نے کہا کہ کالجیم ایک ایسا ادارہ ہے جس میں بہت سے ارکان ہوتے ہیں، جس کا ممکنہ فیصلہ عوام کی میز پر نہیں رکھا جا سکتا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ میڈیا رپورٹس اور کالجیم کے سابق ممبر کے انٹرویوز پر بھروسہ نہیں کر سکتی اور سابق جج کے بیانات پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتی۔
مزید پڑھیں:۔ Five New Judges in Supreme Court پانچ نئے جج سپریم کورٹ میں شامل، سی جے آئی چندر چوڑ نے دلایا حلف
کالجیم نے 10 جنوری 2019 کو منظور کردہ ایک قرارداد میں ذکر کیا کہ 12 دسمبر 2018 کو ہونے والی اس کی میٹنگ میں کچھ ناموں پر صرف مشاورت ہوئی، لیکن کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ جسٹس ایم بی لوکور کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے اس کالجیم کے ممبران میں تبدیلی آئی۔ سپریم کورٹ نے آر ٹی آئی کارکن انجلی بھردواج کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے مذکورہ فیصلہ دیا۔ بھاردواج نے ہائی کورٹ کی طرف سے 12 دسمبر 2018 کو ہونے والی سپریم کورٹ کالجیم میٹنگ کے ایجنڈے کا انکشاف کرنے کی درخواست کو مسترد کرنے کے بعد سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا۔ جسٹس ایم بی لوکور پہلے اس کالجیم کے رکن تھے لیکن ان کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے کالجیم کی مساوات بدل گئی۔ کالجیم کی اس میٹنگ میں مبینہ طور پر کچھ ججوں کی ترقی پر کچھ فیصلے لیے گئے تھے۔