کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے پولیس انتظامیہ کی جانب سے مسلسل چیکنگ مہم جاری ہے جہاں کووڈ پروٹوکال پر سختی سے عمل کرایا جا رہا ہے۔
کووڈ ضابطوں کی خلاف ورزی اور ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا جا رہا ہے۔ رامپور میں اس 59 گھنٹوں کے کووڈ کرفیو کے دوران ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس اب تک 2 لاکھ 35 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کر چکی ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ اس کووڈ کرفیو میں ضروری سہولیات اور ناگزیر حالات کو چھوڑکر کسی بھی حالت میں باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔ ساتھ ہی اگر کوئی شخص بغیر ماسک کے باہر نکلتا ہے تو اس سے ایک ہزار روپے بطور جرمانہ وصول کئے جا رہے ہیں۔ وہیں دوسری مرتبہ بغیر ماسک کے نظر آنے پر اس سے 10 ہزار روپئے تک وصول کئے جا رہے ہیں۔
دوسری طرف ضلع میں کورونا کا قہر بدستور جاری ہے۔ اتوار کو آئی رپورٹ کے مطابق 40 نئے متاثرین کے ساتھ ہی ضلع کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر اب 690 ہو گئی ہے۔ حالانکہ اس دوران 76 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں، جنہیں آئسولیشن وارڈ سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ اس طرح ضلع میں اب ایکٹیو مریضوں کی کل تعداد 614 ہے۔