بھارتی جنتا پارٹی کے قومی ترجمان اور رکن پارلیمان ظفر الاسلام نے کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعتیں ملک کے عوام سے نہیں بلکہ اقتدار سے محبت کرتی ہیں۔ ہفتہ کو یہاں پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مسٹر اسلام نے یہ بات کہی۔ جنہیں ملک نے مسترد کردیا ہے وہ سب یکجہتی ظاہر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ لوگوں نے کانگریس کی پالیسی کو مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے سے چلنے والے ایوان میں عوام کے مسائل پر بات چیت کرنے کے بجائے کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں نے غیر ضروری ہنگامہ کھڑا کیا ہے۔ کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں نے ایوان میں خلل ڈال کر جمہوریت کی توہین کرنے کا کام کیا ہے۔
مزید پڑھیں:یوپی میں ایک کروڑ طلبہ کو ملیں گے اسمارٹ فون-لیپ ٹاپ
انہوں نے کہا کہ کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کو ایوان میں سیٹی بجاتے ہوئے، ناچتے ہوئے، گلا دبانے کی کوشش کرتے ہوئے، خواتین کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے اور بل کو پھاڑتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ شرمناک منظر آزاد ہندوستان میں پہلی بار ایوان میں دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، بلکہ اسے صرف کنبہ پرستی کی فکر ہے۔ جب کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی ہر مسئلے پر تبادلہ خیال کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پانی کے بغیر مچھلی کی طرح اقتدار کے لیے تڑپ رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سونیا گاندھی کے گھر پر ہونے والی میٹنگ میں عوام کے مسئلے پر بات کرنے کے بجائے صرف اس بات پر بحث کی گئی کہ اقتدار میں واپس کیسے آنا ہے۔ یہ تکلیف دہ ہے۔
یو این آئی