بارہمولہ: جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سوپور پولیس نے اسٹیٹ نوپورہ کلاں میں 16 مرلہ اراضی (سروے نمبر 354) کے ساتھ ایک منزلہ رہائشی مکان کو سیکشن 25 کے تحت منسلک کر دیا۔ یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، 1967 کے تحت ہفتے بھر قبل انجام دی گئی۔ ضبط کی گئی جائیداد محمد سبحان خان ولد عبد الستار خان، ساکن نوپورہ کلاں، سوپور کی بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے پریس نوٹ کے مطابق یہ کارروائی سوپور کے پولیس اسٹیشن میں درج مقدمہ ایف آئی آر نمبر 105/2024 سے متعلق ہے۔ اٹیچمنٹ کو ایک باقاعدہ تشکیل شدہ پولیس ٹیم اور ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں عمل میں لایا گیا اور اس میں تمام قانونی پروٹوکول کی پابندی کو یقینی بنایا گیا۔
پولیس نے اس اقدام کو علاقے میں عسکریت پسندی اور تشدد کی تحقیقات اور روک تھام میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قومی سلامتی کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے اور امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سوپور پولیس کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مہینے بھر میں حاضر نہ ہونے پر 10 مفرور افراد کی جائیدادیں ضبط کرنے کا اعلان
کولگام: عسکریت پسندوں کو پناہ دینے کے معاملے میں ایک مکان ضبط
قابل ذکر ہے کہ تازہ معاملے میں بارہمولہ ضلع میں ہی پولیس نے بدھ کے روز 10 مفرور افراد کی رہائش گاہوں پر نوٹس چسپاں کرتے ہوئے وارننگ جاری کی کہ اگر وہ 30 دن کے اندر عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ان کی جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی۔