قومی دارالحکومت دہلی میں حکومت نے کہا کہ دوسرے ممالک میں پھنسے ہوئے بھارتیوں کو وطن لانے کی اپنی کوشش کے تحت تین جولائی سے وندے بھارت مشن کے چوتھے مرحلے کا آغاز کرے گی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ شریواستو نے آن لائن میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ یہ مشن گزشتہ سات ہفتے سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک بیرون ملک میں پھنسے کم ازکم پانچ لاکھ 13 ہزار 47 بھارتیوں نے وطن لوٹنے کی درخواست کی تھی، جن میں سے تین لاکھ 64 ہزار 209 افراد بھارت آچکے ہیں۔
تیسرے مرحلے کی باقی 175 پروازیں آنے والے دنوں میں بھارت پہنچنے والی ہیں۔
انوراگ شریواستو نے کہا کہ وندے بھارت مشن کے پہلے تین مرحلوں میں پانچ براعظموں کے 50 سے زیادہ ملکوں سے تقریباً 875 بین الاقوامی پروازیں چلائی گئیں، جس سے اب تک 700 سے زیادہ پروازیں بھارت پہنچ چکی ہیں، تیسرے مرحلے کے تحت بقیہ 175 پروازیں آنےوالے دنوں میں پہنچنے کی امید ہے۔