گردابی طوفان ڈورین کے آنے پر علاقے میں تیز ہواؤں کے چلنے کے ساتھ ساتھ شدید بارش ہوئی جس سے بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹیرس کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے 'سکریٹری جنرل طوفان ڈورین کی وجہ سے ہوئی تباہی سے دکھی ہیں، یہ طوفان ابھی بھی بہاماس میں تباہی مچا رہا ہے۔
اس طوفان سے گھروں کی چھتیں اڑگئی ہیں اور شدید بارش کی وجہ سے سیلاب کے حالات پیدا ہوگئے ہیں، اس دوران، امریکہ کی فلوریڈا،جارجیا اور کیلی فورنیا ریاستوں نے طوفان کے پیش نظر ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا ہے۔
گوٹیرس نے بہاماس کی حکومت اور لوگوں کے تئیں یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ بہاماس حکومت کی قیادت میں چل رہے بچاؤ اور راحت کے کاموں کی حمایت جاری رکھے گا۔
اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کی صدر ماریا فرناڈا ایسپینوسا نے ٹویٹ کرکے کہا کہ تنظیم تباہ کن طوفان ڈورین اور اس کی تباہی سے متاثر سبھی لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا 'ہم حالات پر نگرانی رکھے ہوئے ہیں اور بین الاقوامی برادری سے بہاماس کی مدد کے لیے تیار رہنے کی اپیل کرتے ہیں'۔