آندھراپردیش میں واقع نیلور کے کلوروپالی ہوزنگ کالونی میں ایک المناک واقعہ پیش آیا۔ جس میں ایک ہی خاندان کے تین افراد بشمول ایک جوڑا بجلی کے تار کی زد میں آنے سے ہلاک ہوگئے۔
پولیس نے کہا کہ '54 سالہ جی وینوگوپال راو، ان کی بیوی 45 سالہ ہیم لتا اور ماں 70سالہ بُجماں بجلی کے تار کی زد میں آگئے جو ان کے مکان کے سامنے ٹوٹ کر گرگیا تھا۔
جب وینوگوپال راو اس تار کی زد میں آئے تو ان کی بیوی نے ان کو بچانے کی کوشش کی، بعد ازاں ماں نے بھی بچانے کی کوشش کی تاہم تینوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
یہ جوڑا سرکاری اسکول میں اساتذہ کے طورپر کام کرتا تھا، ان کا بیٹا اور بیٹی امتحان تحریر کرنے کے لئے اننت پور گئے ہوئے تھے۔
پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔اس واقعہ کے ساتھ ہی علاقہ میں غم کی لہر دوڑگئی۔
بتادیں کہ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں ایک مرتبہ پھر شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوگئی۔ گزشتہ 3 روز میں موسلا دھار بارش کے سبب متعدد علاقوں میں پانی بھر گیا۔
مزید پڑھیں: حیدرآباد ایک مرتبہ پھر جل تھل
یہاں شدید بارش کی وجہ سے گول ناکا کے نئے پل پر بھی ٹریفک جام ہوگیا تھا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ اس کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے مسرم باغ پُل پر سواریوں کی آمد و رفت بھی روک دی تھی جبکہ اُپل میں بھی ورنگل نیشنل ہائی وے پانی بھر جانے سے آمد و رفت متاثر ہوئی۔