راجستھان رائلز کے کھلاڑی جوس بٹلر کو متنازع طریقے سے آؤٹ کرنے پر ہر طرف بحث جاری ہے کوئی اسے درست کہہ رہا ہے تو کوئی اسے غلط قرار دے رہا ہے۔
اس درمیان آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز گیندباز شین وارن نے اشون پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اشون کی یہ حرکت انتہائی شرمناک ہے۔
انہوں سوشل میڈیا پر مزید لکھا کہ میں امید کرتا ہوں کہ بی سی سی آئی اس طرح کا برتاؤ برداشت نہیں کرے گی۔
شین وارن نے اشون پر مزید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ' آپ ٹیم کے کپتان ہیں اور آپ کو دوسروں کے لیے مثال بننا چاہیے لیکن آپ کی اس حرکت کے ذریعے کپتان کے وقار کو پامال کیا ہے،'
مانکڈنگ کا مطلب ہوتا کہ اگر نان اسٹرائیکنگ اینڈ پر موجود بلے باز گیند پھینکے جانے سے پہلے کریز کے باہر نکل جائے اور گیندباز اسے اسٹمپ آؤٹ کر دے تو وہ آؤٹ قرار دیا جائے گا۔ لیکن اس کے لیے بھی شرط ہے کہ پہلے بلے باز کو متنبہ کیا جاتاہے اس کے بعد اگر دوبارہ اس طرح گیند پھینکنے سے پہلے کریز سے باہر نکلے اور گیندباز اسٹمپنگ کر دے تو پھر وہ آؤٹ قرار دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جوس بٹلر آئی پی ایل میں مانکڈنگ کا شکار ہونے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔
اشون نے بٹلر کو اس وقت مانکڈنگ کے ذریعے آؤٹ کیا جب بٹلر 69 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو جیت کی جانب لے جا رہے تھے لیکن وہ اس متنازع طریقے سے آؤٹ ہو گئے ان کے آؤٹ ہونے کے بعد راجستھان رائلز کے بلے بازی تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور میچ ہار گئی۔