وزارت ریلوے نے آج ایک پریس ریلیز میں کہا 'کووڈ کی وجہ سے موجودہ حالات میں پرانے ٹائم ٹیبل کے تحت چلنے والی باقاعدہ ٹرینیں چلانا ممکن نہیں ہے۔ لہذا ان باقاعدہ ٹرینوں میں 14 اپریل تک بک کی گئی تمام ٹکٹوں کو منسوخ کیا جارہا ہے اور ٹکٹوں کی رقم واپس کی جارہی ہے'۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے سے موجودہ خصوصی مسافر ٹرینوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ لاک ڈاؤن کے بعد، بھارتی ریلوے کے ذریعہ شروع کی گئی خصوصی مسافر ٹرینوں کی 115 جوڑیاں چلتی رہیں گی۔
جولائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد، مزید خصوصی مسافر ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ ریلوے مستقبل میں حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹرینوں کو باقاعدہ ٹائم ٹیبل سے چلانے کا فیصلہ کرے گا۔
ملک میں لاک ڈاؤن نافذ ہونے پر ریلوے نے مسافر ٹرینوں کا چلانا مکمل طور پر بند کردیا تھا۔ اس نے 14 اپریل کے بعد ٹکٹوں کی بکنگ بھی بند کردی۔
ریلوے میں 120 دن کی ایڈوانس بکنگ کی سہولت فراہم ہوتی ہے۔ اس وجہ سے ٹرینوں میں 12 اگست تک بکنگ ہوئی تھی۔ یہ ٹکٹیں دو قسطوں میں منسوخ کردی گئیں۔
اس سے قبل 30 جون تک باقاعدہ ٹرینوں کو منسوخ کرکے ٹکٹوں کی رقم واپس کردی گئی تھی۔ اب یہ فیصلہ ریلوے نے یکم جولائی سے 12 اگست تک ٹائم ٹیبل والی ٹرینوں کی رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔