یو جی سی نیٹ کے نتائج این ٹی اے (نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی) کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری ہوں گے۔ دسمبر 19 کے نوٹیفکیشن میں این ٹی اے نے واضح کیا تھا کہ 31 دسمبر 2019 تک نتائج کا اعلان ہوگا۔
غور طلب ہے کہ تیسری مرتبہ نیٹ کا امتحان آن لائن ہوا تھا۔ اس سے قبل سی بی ایس ای نیٹ کے آف لائن امتحانات ملک بھر میں کرواتی تھی۔ لیکن دسمبر 2018 میں جب سے این ٹی اے نے ذمہ داری سنبھالی تب سے کمپیوٹر پر آن لائن امتحانات ہونے شروع ہوئے ہیں۔
ملک بھر میں این ٹی اے کی جانب سے 2 سے 6 دسمبر 2019 کے درمیان کل 81 مضامین کے لیے تقریباً 10 لاکھ طلبہ نے اپنی قسمت آزمائی ہے۔
وہیں 10 دسمبر کو 'آنسر کی' جاری ہوئی تھی، لیکن حتمی 'آنسر کی' 23 دسمبر کو جاری کی گئی ہے۔
نیٹ امتحان پاس کرنے کے لیے جنرل گروپ کے امیدواروں کو کم سے کم 40 فیصد مارکس لانے ہوتے ہیں، جبکہ اقلیت اور دیگر ریزرو گروپ کے افراد کو 35 فیصد مارکس سے پاس کرنا ضروری ہوتا ہے۔
نیٹ امتحان پاس کرنے کے بعد طالب علم اسسٹنٹ پروفیسر کی اہلیت پا لیتا ہے۔ نیٹ ہی میں زیادہ نمبرات آنے پر جے آر ایف ہوتا ہے۔ جس کی بنا پر طالب علم کو پی ایچ ڈی یا ایم فل کرنے پر تقریباً 35000 اسکالرشپ ماہوار دی جاتی ہے۔ اور صرف نیٹ پاس کرنے پر تقریباً آٹھ ہزار روپیے کی اسکالرشپ کا انتظام ہے۔