کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے منگل کے روز یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ غلط اعداد و شمار دینا معیشت کے لیے خطرناک ہے لیکن مودی حکومت مسلسل فرضی اعداد و شمار دیکر واہ واہی لوٹنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی حالت کے پیش نظر ابھیجیت بنرجی سمیت 108ماہر اقتصادیات نے وزیراعظم نریندر مودی کو مارچ میں خط لکھ کر کہا تھا کہ غلط اعداد و شمار دیئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کے تعلق سے حکومت کسی اور کی سنتی نہیں ہے اور نہ ہی مشورہ لینے کی کوشش کرتی ہے۔ حکومت جب ماہر اقتصادیات کی بات سننے سے انکار کرے گی اور من مانی کرتے ہوئے معیشت کو پٹری پر لانے کی کوشش نہیں کرے گی تو بہتری کہاں سے آئے گی۔
سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو بغیر مقدمہ چلائے جیل میں بند کردیا گیا۔ یہ وہی چدمبرم ہیں جن کے وزیر خزانہ رہتے ملک کی معیشت ساڑھے آٹھ سے نو فیصد تک پہنچ گئی تھی۔
کانگریس ترجمان منیش تیواری نے کہا کہ ملک میں خوف کا ماحول ہے اور لوگوں کو بھروسہ نہیں ہے کہ بینکوں میں رکھا ان کا پیسہ محفوظ ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ تمام بینک لاکھوں کروڑوں روپے کے این پی اے کو بٹا کھاتہ میں ڈال رہے ہیں اور اس کی واپسی کے لیے کوئی کوشش نہیں کی جارہی ہے۔ پنجاب اینڈ مہاراشٹر کوآپریٹیو بینک کا معاملہ سب کے سامنے ہے۔ سرمایہ کاروں کو کہیں پر بھی بھروسہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت میں بہتری کے لیے ٹھوس کوششیں کرنی پڑتی ہیں۔
انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت پر سخت زبانی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ وارانہ کشیدگی کی صورتحال اور شرح نمو بیک وقت نہیں بڑھ سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کساد بازاری کے دوران مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوتا ہے تو معاشی صورتحال مزید پیچیدہ ہوجاتی ہے۔