مولانا آزاد اُردو یونیورسٹی کے قومی سمینار میں تلنگانہ اردو اکیڈمی کے ڈائریکٹر سکریٹری ڈاکٹر محمد غوث نے شرکت کی۔
انھوں نے کہا کہ اُردو میں سماجی علوم کی تدریس کے امکانات روشن ہیں۔ برسرِخدمت اساتذہ کی تربیت سے سماجی علوم کی تدریس کو موثر اور کارگر بنایا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار یہاں آج مرکز پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذہ اردو ذریعہ تعلیم (سی پی ڈی یو ایم ٹی)، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ قومی سمینار کی اختتامی تقریب میں ڈاکٹر محمد غوث ،ڈائرکٹر سکریٹری ،تلنگانہ اردو اکیڈمی نے کیا۔
ڈاکٹر غوث نے اردو میں سماجی علوم کی تدریس کے موضوع پر منعقدہ قومی سمینار میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے مختلف سماجی مسائل کے اسباب پر غور و خوض کر نے کی ضرورت پر زو ر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تدریس کے ذریعہ اقدار کا فروغ نا گزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں ابتدائی تعلیم سے ڈگری کی سطح تک اردو میں تعلیم و تدریس کا معقول انتظام ہے۔ ریاست کے سینکڑوں اردو میڈیم اداروں سے ایک لاکھ سے زیادہ طلبا استفادہ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے پروفیسرصدیقی محمد محمود ،شعبہ تعلیم و تربیت نے اردو میں سماجی علوم کی تدریس کے حوالے سے پر مغز گفتگوکی۔
پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی ، ڈائرکٹر،سی پی ڈی یو ایم ٹی نے سمینار کی مختصر مگر جامع رپورٹ پیش کی اور متعلقین کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر خواجہ ضیاالدین ،سمینار کو آرڈنیٹر نے اختتامی پروگرام کی کاروائی چلائی۔