پوری دنیا میں کورونا وارئرس کی مدد کے لیے بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کے کئی بڑے ستاروں نے آن لائن کنسرٹ میں شرکت کی۔ یہ کنسرٹ فلم ساز کرن جوہر اور زویا اختر کی قیادت میں منعقد کیا گیا۔
ڈیجیٹل پروگرام کے ذریعے عالمی وبا کو روکنے کے لیےفرنٹ محاذ پر کام کر رہے اہلکاروں کے لیے چندہ جمع کیا جا رہا ہے۔ اس کے لئے بالی ووڈ کے تمام اسٹارز نے اپنے اپنے انداز میں تعاون کیا ہے۔ آئی فار انڈیا کنسرٹ میں سبھی مشہور شخصیات نے اپنے گھروں پر رہ کر لوگوں کے لیے پرفامنس ديں۔
اس پروگرام سے جمع ہونے والی رقم امدادی کاموں میں حمایت دینے والی تنظیم ’ گیو انڈیا‘ کی جانب سے چلائے جا رہے ’ بھارت كووڈ متبادل فنڈ‘ میں دی جائے گی۔
اس کنسرٹ میں بالی وڈ کے بڑے آرٹسٹ مادھوری دکشت، شاہ رخ خان، عامر خان، کارتک آرین، پرینکا چوپڑا، آيوشمان کھرانہ،وکی کوشل، رتیک روشن، میوزک ڈائریکٹر پریتم، گلوکار ارجيت سنگھ، ٹوئنکل کھنہ، اکشے کمار، ایشوريا رائے بچن سمیت کئی لوگوں نے شرکت کی۔ تقریبا ً چار گھنٹے تک جاری رہنے والے اس کنسرٹ کی کچھ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس میں مشہور شخصیات اور عام لوگ پرفارم کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے ابرام کے ساتھ مل کر ایک زبردست پرفامنس دی۔ شاہ رخ نے ایک گانا لکھا جسے انہوں نے خود ہی گایا اور اس پر خود ہی پرفارم بھی کیاہے ۔ دوسری جانب عامر خان نے اپنی اہلیہ کرن راؤ کے ساتھ مل کر ’جینا اسی کا نام ہے‘ نغمہ گایا ۔
پرینکا چوپڑا نے آئی فار انڈیا کے کنسرٹ میں ایک انتہائی خوبصورت نظم پڑھی۔ اسی دوران ان کے شوہر نک جونس نے بھی کنسرٹ میں شرکت کرکے گٹار کے ساتھ زبردست پرفارمنس دی۔ ایشوریا رائے نے بھی کنسرٹ میں حصہ لیا اور ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور اسی کے ساتھ سب کو سلامتی برقرار رکھنے کی اپیل بھی کی۔ آئی فار انڈیا کے لئے اداکارہ کٹرینہ کیف نے بھی ڈاکٹرس اور نرسوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی حفاظت کے لئےاقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
اداکارہ مادھوری دکشت نے بھی اپنے بیٹے آرین نینے کے ساتھ شاندار پرفامنس دی هے۔ ورون نے اس کنسرٹ میں رقص پرفارم کیا جبکہ ايوشمان کھورانہ نےاس کنسرٹ میں شرکت کرکے اپنی فلم وکی ڈونر کا مشہور نغمہ ’پانی دا رنگ دیکھ کے‘ گا یا ہے۔