طویل مدت سے راشٹریہ جنتا دل کے ساتھ جڑے رہنے والے شہزاد کوثر نے کشن گنج ضمنی انتخاب میں شاندار جیت کے لیے جہاں ایک طرف مجلس کے رکن اسمبلی قمرالہدی کو مبارکباد پیش کی ہے وہیں دوسری طرف کانگریس کی بھرپور تنقید بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ' نہ صرف کشن گنج بلکہ پورے ملک میں اپنے غلط فیصلوں کی وجہ سے کانگریس کو منہ کی کھانی پڑ رہی ہے۔ شہزاد کوثر نے کہا کہ اگر ڈاکٹر جاوید آزاد اپنی والدہ کو ٹکٹ دینے کی غلطی نہیں کرتے تو شاید آج نتیجہ کچھ اور ہوتا۔'
یہ بات صحیح ہے کہ ' کشن گنج کی عوام ہمیشہ سے کانگریس کو ووٹ دیتی رہی ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کسی بھی شخص کو ٹکٹ دے دیں اور وہ جیت جائے۔'
ضمنی انتخاب میں راشٹریہ جنتا دل کی کامیابی اور این ڈی اے کی ناکامی پر شہزاد کوثر نے کہا کہ 'این ڈی اے کا مشتقبل اندھیرے کی طرف ہے۔ جبکہ راشٹریہ جنتا دل،کانگریس یا الائینس کا مستقبل لوٹ رہا ہے۔ ایک ناؤ ڈوب رہی ہے جبکہ دوسرا پار لگاتا دکھ رہا ہے۔'
شہزاد کوثر نے مرکزی وزیر گریراج سنگھ پر بھی جم کر تنقید کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 'پورے ملک میں اگر کوئی سب سے خطرناک انسان ہے تو گریراج سنگھ ہے، اس کی سوچ نہایت گھٹیا ہے، وہ ہمیشہ نفرت کی سیاست کرتے ہیں، لوگوں کو توڑنے کا کام کرتے ہیں۔ رہی بات اویسی کی تو انہوں نے کبھی کوئی آگ لگانے اور جلانے کی بات نہیں کی بلکہ حق اور انصاف کی بات کی ہے۔'